نیا سال نیا نظام دیکھے گا:ملک کا سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہوگا، خواجہ آصف

صوبوں کے معاملے پر اتفاقِ رائے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ چند ہفتوں میں تمام خدشات اتفاقِ رائے میں تبدیل ہو جائیں گے، وزیرِ دفاع کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

ویب ڈیسک

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اگر صوبے بن جاتے ہیں تو ملک کا سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو گا اور نیا سال نیا نظام دیکھے گا۔
اتوار کو نجی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ ایک ایسا ایشو ہے جس کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کیا جا رہا ہے اور کچھ ہفتوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبوں کے معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا ہو جاتا ہے اور صوبے بن جاتے ہیں تو ملک کا سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہوگا۔ ان کے بقول، نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بننا پاکستان کے لیے خوشگوار چیز ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر اتفاقِ رائے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی اور یہ معاملہ اپنے انجام کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے بقول، اگر نیا انتظامیہ ڈھانچہ بنتا ہے تو کسی کو سیاسی طور پر خوف کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔پروگرام میں گفتگو کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں نے ایسی صورتِ حال خود پیدا کی ہے۔ اگر اٹھارویں ترمیم پر منِ و عن عمل درآمد ہوتا تو اب تک بلدیاتی حکومتیں یا انتظامی یونٹس کی صورت میں نظر آتیں اور لوگوں کو کچھ ڈلیور ہوتا نظر آتا۔ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری سے محسن نقوی کی ملاقات ہوئی ہے اور اس کے بعد صدر نے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی ہے۔ ان کے بقول، ”میرا اندازہ ہے کہ سندھ میں جو بھی سیاسی آوازیں آ رہی ہیں وہ اس معاملے پر زیادہ وضاحت چاہتے ہیں۔“واضح رہے کہ 12 نومبر کو وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نواب شاہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر زرداری اور محسن نقوی کے درمیان ملاقات میں نئے صوبوں کے معاملے پر گفتگو بھی ہوئی۔ تاہم 13 نومبر کو ایوانِ صدر نے ایک وضاحتی بیان میں ان رپورٹس کی تردید کی تھی۔بعد ازاں 14 نومبر کو صدرِ مملکت نے لاہور میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتِ حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔خواجہ آصف نے کہا کہ قومی اورعالمی سطح پربند کمرے کی ملاقاتوں کے فیصلے حتمی ہونے سے پہلے ظاہر نہیں کیے جاتے، اتفاقِ رائے ہمیشہ بند دروازوں کے پیچھے ہوتا ہے۔ ان کے خیال میں پاکستان میں بہت سے آئینی تجربے ہوئے ہیں اور اس سے پہلے اس طرح کا اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ نے کبھی نئے صوبوں پر بات کرنے کا نہیں کہا۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں نیا سال یہ نیا نظام دیکھے گا اور 2026ء میں اس کی کوئی نہ کوئی شکل نکل آئے گی۔ ابھی ڈیڑھ ماہ باقی ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس معاملے میں جلد کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا اور چند ہفتوں میں تمام خدشات اتفاقِ رائے میں تبدیل ہو جائیں گے۔ان کے بقول سیاست ممکنات کا نام ہے اور ہم سب مل کر اسے ممکن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس میں کوئی جبر والی بات نہیں ہے۔ اتفاقِ رائے کے لیے کسی کو جگہ دینے کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ ہو جائے گا۔سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ بطور سیاسی کارکن ان کی یہ تجویز ہے کہ اُنہیں اس معاملے پر مزاحمت نہیں کرنی چاہیے کیوں کہ ان کا اس معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اگر عمران خان اس معاملے پر راضی ہو جائیں تو ان کے خیال میں ان کے پاس مرکزی دھارے کی سیاست میں واپسی کا موقع ہوگا۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر بار بار ایک شخص کو محور بنا کر ہر چیز داؤ پر لگاتے رہیں گے تو پھر یہ سیاست تو نہ ہوئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں