حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک ارب روپے کا اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ قائم
سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی کی زیر صدارت اجلاس میں فنڈ کے انتظامی امور، پالیسی اور مستحق کھلاڑیوں کی معاونت کے طریقہ کار پر غور
رپورٹ: سپورٹس رپورٹر
اسلام آباد :(جاگیر نیوز) کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیے جانے والے ایک ارب روپے کے پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کی پالیسی اور انتظامی ڈھانچے کی تیاری کے سلسلے میں کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کو وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) میں ہوا۔
اجلاس کی صدارت سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے کی، جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یار محمد حسین سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے ایک ارب روپے کے پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کے مؤثر انتظام اور آپریشن کے لیے پالیسیوں اور ضابطہ کار کی تشکیل پر تفصیلی غور کیا گیا۔شرکا نے مستحق کھلاڑیوں کو مالی اور فلاحی معاونت فراہم کرنے کے طریقہ کار اور فنڈ پر عمل درآمد کے مجوزہ نظام کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ فنڈ کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔

