پی ٹی آئی ہمیں اپوزیشن کی دعوت دینے سے پہلے خود اپوزیشن کا کردار ادا کرے، نیر بخاری
نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی قیادت اپنی پالیسی واضح کرے
بلاول بھٹو کی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی دعوت کا پی ٹی آئی نے تاحال جواب نہیں دیا، سید نیر حسین بخاری
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینیٹ سید نیر حسین بخاری نے پی ٹی آئی کی جانب سے مشروط اتحاد کی پیش کش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیں اپوزیشن میں آنے کی دعوت دینے سے پہلے خود تو اپوزیشن کا کردار ادا کرے۔ نہ وہ پارلیمان کے اندر اپوزیشن کرتی نظر آتی ہے اور نہ ہی پارلیمان سے باہر۔ محض نعرے بازی کے بجائے سیاسی ا یجنڈا لے کر سامنے آئے۔انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی دعوت کا پی ٹی آئی نے تاحال جواب نہیں دیا، سیاسی ا یجنڈا نعروں کے بجائے عملی اقدامات سے واضح کیا جائے، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی قیادت اپنی پالیسی واضح کرے، صوبے آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق بننے چاہئیں،صوبوں کے معاملے پر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے مؤقف میں یکسانیت ہے، پیپلز پارٹی کی پالیسی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی طے کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سارا مطالبہ صرف بانی کی رہائی تک محدود ہے۔ اب تو پی ٹی آئی کے بس میں ہنگامہ آرائی بھی نہیں رہی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کو پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آنے کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم پی ٹی آئی نے تاحال اس دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا۔نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت سے نئے صوبوں کے معاملے پر واضح پالیسی اور مؤقف چاہتی ہے۔ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز اس اہم قومی معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ مسلم لیگ (ن) کے وزراء کے بیانات میں بھی تضاد اور کنفیوژن نظر آتی ہے۔ کبھی صوبے بنانے کی بات کی جاتی ہے اور کبھی کہا جاتا ہے کہ پالیسی پارلیمان میں پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کا معاملہ پارلیمان میں لانے سے پہلے وفاقی کابینہ میں زیر بحث آنا چاہیے تھا۔ پی ٹی آئی بھی نئے صوبوں کو اپنے منشور کا حصہ قرار دیتی ہے، جبکہ لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد صوبے بنانے کی حمایت کی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ نئے صوبے بنانے کا آئینی طریقہ کار کیا ہوگا؟سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، تاہم یہ عمل آئین میں درج طریقہ کار اور پارلیمانی و جمہوری تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی سوچ میں یکسانیت ہے۔


