ایچ آر ایف ایل کی جانب سے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے حوالے سے آگاہی سیشن

خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے، رابن داؤد صدر ایچ آر ایف ایل

خواتین کے خلاف تشدد محض ذاتی یا گھریلو مسئلہ نہیں یہ ایک وسیع سماجی اور انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے اجتماعی توجہ، ذمہ دارانہ کردار اور مؤثر آگاہی کی ضرورت ہے، مقررین

راولپنڈی(جاگیر نیوز)ہیومن رائٹس فیلوشپ آف لائرز نے 24 نومبر 2026 ءکو راولپنڈی کے ایک نجی گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا۔ اس سیشن میں اساتذہ کو خواتین کے حقوق، عزت و وقار، تحفظ، مساوات اور تشدد سے پاک معاشرے کے قیام کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ رابن داؤد صدر ایچ آر ایف ایل نے خواتین کے خلاف تشدد کو انسانی حقوق کا ایک سنگین مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے معاشرے میں احترام، امتیازی رویوں کے خاتمے، صنفی مساوات کے فروغ اور محفوظ ماحول کی تشکیل میں اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور تشدد کی روک تھام کے لیے تعلیم، شعور اور اجتماعی ذمہ داری انتہائی ضروری ہیں۔سیشن میں دیگر مقررین، جن میں ایڈووکیٹ مصباح اعوان، ایڈووکیٹ فوزیہ عارف، ایڈووکیٹ آمنہ جاوید اور ایڈووکیٹ تہمنی کنول (ممبران ایگزیکٹو کونسل HRFL) شامل تھے، نے خواتین کے قانونی اور سماجی تحفظ، انصاف تک رسائی، قانونی حقوق اور آگاہی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات اور نقطہ نظر پیش کیے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے خلاف تشدد محض ذاتی یا گھریلو مسئلہ نہیں بلکہ ایک وسیع سماجی اور انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے اجتماعی توجہ، ذمہ دارانہ کردار اور مؤثر آگاہی کی ضرورت ہے۔سیشن کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تعلیم، قانونی آگاہی، ادارہ جاتی ذمہ داری اور سماجی شمولیت ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے بنیادی ستون ہیں جہاں ہر عورت اور بچی عزت، تحفظ، آزادی اور مساوات کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں