سلطان آف جوہر کپ: ملائیشیا نے پاکستان کو پنلٹی سٹروکس پر شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا
فائنل معرکے میں میزبان ملائیشیا نے پاکستان کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 3-4 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا
مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم سلور میڈل کی حقدار
سپورٹس ڈیسک
جوہر بہرو: (جاگیرنیوز) ملائیشیا کے شہر جوہور بہرو میں کھیلے گئے فائنل معرکے میں میزبان ملائیشیا نے پاکستان کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 3-4 سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
سلطان آف جوہور کپ 2026ء کے فائنل میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔ ملائیشیا کے شہر جوہور بہرو میں کھیلے گئے فائنل معرکے میں میزبان ملائیشیا نے پاکستان کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 3-4 سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ پاکستان کی جانب سے میچ کے 19 ویں منٹ میں رانا ولید اور 23 ویں منٹ میں محمد عثمان نے شاندار فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان کو ابتدائی برتری دلائی۔ تاہم میزبان ٹیم ملائیشیا کی جانب سے 25 ویں منٹ میں آدم جوہری اور 49 ویں منٹ میں دھیرش گناسیلن نے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ میچ کے فیصلے کے لیے کروائے گئے سنسنی خیز پینلٹی شوٹ آؤٹ میں ملائیشیا نے 4 جبکہ پاکستان نے 3 شوٹ آؤٹ گول کیے۔ پاکستان کی جانب سے حمزہ علی، رانا ولید اور غلام مصطفیٰ نے شوٹ آؤٹ پر گول اسکور کیے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے قومی جونیئر ٹیم کی پورے ٹورنامنٹ میں شاندار اور فائٹنگ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں بہترین کھیل پیش کیا اور فائنل میں سلور میڈل حاصل کرنا بھی ایک نمایاں کامیابی ہے۔




