پاکستان اور نائیجیریا کا مستقبل نگر اسٹریٹیجک شراکت داری قائم کرنے پر زور
پاکستان اور نائیجیریا کودفاع، تجارت، زراعت، توانائی اور آئی ٹی میں ٹھوس اورعملی تعاون کی اشد ضرورت ہے، ناظم الامور محمد یاساؤ
نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دی جائے، سفیر معین الحق
افریقہ کی عالمی معاشی و سیاسی اہمیت بڑھ رہی ہے، تاریخی خیرسگالی کو عملی شراکت میں بدلنا ،سینیٹر مشاہد حسین سید
رپورٹ :عبدالمالک
اسلام آباد :(جاگیر نیوز) اکستان میں نائیجیریا کے ناظم الامور محمد یاساؤ نے زور دیا ہے کہ نائیجیریا اور پاکستان کو اپنے دیرینہ تاریخی و سفارتی تعلقات سے آگے بڑھ کر ایک متحرک، جامع اور مستقبل نگر اسٹریٹیجک شراکت داری کی جانب پیش قدمی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم باہمی اعتماد اور مشترکہ امنگوں کو دفاع و سلامتی، دوطرفہ تجارت، زراعت، فارماسیوٹیکلز، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ٹھوس اور ملموس تعاون میں ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے زیر اہتمام کیمیا (CIMEA) اور پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ برائے ترقی و تحقیق (پائیدار) کے اشتراک سے نائیجیریا کے قومی دن کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروقار اور پرشکوہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد یاساؤ نے اپنے تفصیلی خطاب میں اس بات پر خاص زور دیا کہ نائیجیریا اور پاکستان کی یہ مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عالمی سطح پر امن و امان کے قیام، منصفانہ اقتصادی ترقی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک زیادہ نمائندہ اور متوازن عالمی نظام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی فورمز اور اقوام متحدہ جیسے اداروں میں دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی ضرورت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق نے نائیجیریا کی عظیم معاشی صلاحیت، بھرپور ثقافتی ورثے اور افریقی خطے میں اس کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے 1961ء سے پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان قائم سچی دوستی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا مطالبہ کیا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاکستان اور نائیجیریا کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے نائیجیریا کے پہلے وزیر اعظم سر ابوبکر تفاوا بلیوا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ کی بڑھتی ہوئی عالمی معاشی و سیاسی اہمیت کے پیش نظر پاکستان کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔
نائیجیریا میں پاکستان کے مشن کے سربراہ محمد عمران نے تجارتی روابط اور B2B تعامل کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ڈائریکٹر کیمیا ڈاکٹر آمنہ خان نے افریقہ کے ساتھ پاکستان کی فکری وابستگی کو گہرا کرنے کے عزم کو دہرایا۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود نے نائیجیریا کو “افریقہ کا دیو” قرار دیتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔




