پاکستان نظریاتی پارٹی قومی و صوبائی اسمبلیوں سمیت یونین کونسل کے انتخابات میں حصہ لےگی
دیگر جماعتوں کو بھی مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے مقابلے میں میرٹ پر سیاست کے مواقع ملنے چاہئیں، شہیر حیدر سیالوی
پاکستان نظریاتی پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت، شفاف انتخابی عمل اورمیرٹ کی سیاست کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی،چیئرمین پاکستان نظریاتی پارٹی
سلام آباد (جاگیر نیوز) پاکستان نظریاتی پارٹی کے چیئرمین شہیر حیدر سیالوی نے پارٹی کی تمام موجودہ تنظیمی باڈیز تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی آئندہ قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں اور یونین کونسل کی سطح تک تمام حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے گی، جبکہ پاکستان نظریاتی پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت، شفاف انتخابی عمل اور میرٹ کی سیاست کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نظریاتی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مقابلے میں میرٹ کی بنیاد پر سیاست کرنے اور عوام تک اپنا مؤثر پیغام پہنچانے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ سیاسی میدان میں چند بڑی جماعتوں کی اجارہ داری ختم کرکے نئی سیاسی قوتوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے تاکہ عوام حقیقی معنوں میں آزادانہ طور پر اپنی قیادت کا انتخاب کرسکیں۔شہیر حیدر سیالوی نے کہا کہ سیاسی قیادت کو محض جذباتی بیانات دینے کے بجائے عوام کے بنیادی مسائل، شہری سہولیات اور ترقیاتی ضروریات پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بعد پاکستان نظریاتی پارٹی نے بھی شفاف انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کروا کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ جمہوری اقدار اور انتخابی عمل پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کے اندر انتخابات کا انعقاد سیاسی جماعتوں کے جمہوری تشخص کو مضبوط بنانے اور قیادت کے انتخاب میں کارکنوں کی رائے کو اہمیت دینے کا عملی مظاہرہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے کی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انٹرا پارٹی انتخابات میں چیئرمین، جنرل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری، انفارمیشن سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری کے عہدوں کے لیے مختلف امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں پارٹی کارکنوں نے ووٹنگ کے ذریعے اپنی قیادت منتخب کی۔چیئرمین کے عہدے کے لیے تین امیدوار میدان میں تھے، جن میں شہیر حیدر سیالوی نے 126 ووٹ حاصل کرکے آئندہ پانچ سال کے لیے چیئرمین منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں فیضان اسلم نے 104 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔فنانس سیکرٹری کے عہدے کے لیے چار امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں ودود قریشی 102 ووٹ لے کر منتخب ہوئے، جبکہ انفارمیشن سیکرٹری کے لیے پانچ امیدواروں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلہ ہوا، جس میں عدنان نے 54 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کے لیے سات امیدوار میدان میں تھے، جن میں ابو طلحہ نے 65 ووٹ حاصل کرکے عہدہ اپنے نام کیا۔ انتخابات کے بعد چیئرمین شہیر حیدر سیالوی نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی، تنظیمی فعالیت اور ملک بھر میں سیاسی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستان نظریاتی پارٹی کی قیادت نے انٹرا پارٹی انتخابات کو تنظیمی استحکام، جمہوری روایات کے فروغ اور آئندہ عام انتخابات میں بھرپور تیاریوں کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قومی، صوبائی اور مقامی سطح پر عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے اور انتخابی میدان میں اپنی موجودگی مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔


