محنت کشوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، غلام شبیر کلیانہ
صنعتی اور تجارتی اداروں کے مالکان، قابضین اور منتظمین متعلقہ قانون کی تمام قابلِ اطلاق دفعات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں،ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر راولپنڈی
محترمہ سمن رائے، سیکرٹری محکمہ محنت و انسانی وسائل، حکومت پنجاب، لاہور کی ہدایات کی روشنی میں محنت کشوں میں پیشہ ورانہ تحفظ اور صحت سے متعلق آگاہی اور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی آگاہی و نفاذ مہم شروع کی گئی ہے
راولپنڈی(جاگیر نیوز)غلام شبیر کلیانہ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر راولپنڈی نے کہا ہے کہ محکمہ محنت و انسانی وسائل، حکومت پنجاب، صوبہ بھر کے صنعتی اور تجارتی اداروں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ محترمہ سمن رائے، سیکرٹری محکمہ محنت و انسانی وسائل، حکومت پنجاب، لاہور کی ہدایات کی روشنی میں راولپنڈی ڈویژن کے صنعتی اور تجارتی اداروں میں کام کرنے والے محنت کشوں میں پیشہ ورانہ تحفظ اور صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی آگاہی و نفاذ مہم شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف لیبر ویلفیئر، راولپنڈی ڈویژن کی فیلڈ فارمیشن کی جانب سے پنجاب پیشہ ورانہ تحفظ و صحت ایکٹ 2019ء کی مؤثر عملداری یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ معائنہ جات، کام کی جگہوں کی نگرانی اور آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز غلام شبیر کلیار، ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر، راولپنڈی ڈویژن نے اپنی فیلڈ فارمیشن کے ہمراہ مختلف صنعتی اور تجارتی اداروں کا معائنہ کیا تاکہ کام کی جگہوں پر پیشہ ورانہ تحفظ اور صحت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ متعلقہ قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کی جانچ پڑتال کی جا سکے۔ دورانِ معائنہ آجروں اور اداروں کی انتظامیہ کے نمائندگان کو کام کی جگہوں پر تحفظ یقینی بنانے، پیشہ ورانہ خطرات کی روک تھام اور ضرورت کے مطابق محنت کشوں کو ذاتی حفاظتی سامان (Personal Protective Equipment PPEs) فراہم کرنے کے حوالے سے ان کی قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔ راولپنڈی ڈویژن کے تمام صنعتی اور تجارتی اداروں کے مالکان، قابضین اور منتظمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ قانون کی تمام قابلِ اطلاق دفعات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، کام کی جگہوں پر محفوظ اور صحت مند ماحول برقرار رکھیں اور محنت کشوں کو پیشہ ورانہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف لیبر ویلفیئر، راولپنڈی ڈویژن، محنت کشوں کی زندگیوں، صحت، تحفظ اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور تمام آجروں و متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کرتا ہے کہ وہ محفوظ اور صحت مند ماحولِ کار کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور تعاون یقینی بنائیں۔


