دہشت گردی پیپلز پارٹی کے لیے ریڈ لائن ہے، بلاول بھٹو
ملک میں بحرانوں حل کے لیے ریفرنڈم نہیں سیاسی ری سیٹ اور نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو
پی ٹی آئی سیاسی حقیقت ہے، اسے قومی سیاسی عمل کا حصہ بنانا ہوگا، جنوبی پنجاب صوبے پر اتفاق رائے ہے تو ریفرنڈم کی ضرورت نہیں، تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں، ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب

ملتان (جاگیر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ سیاسی، معاشی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کے لیے جمہوری طریقے سے نظام کو ری سیٹ کرنے اور نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی سیاسی حقیقت ہے اور اسے بھی اس عمل میں شامل کرنا ہوگا، جبکہ تمام اہم قومی فیصلے پارلیمنٹ کے اندر ہونے چاہئیں۔

ملتان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت، اس کے اتحادیوں اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔ حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ اعتماد کا فقدان ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنا چاہئیں۔ سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کے بغیر آنے والے بحرانوں کا مقابلہ ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ عوام کے لیے دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم اور بزرگوں کے علاج کے اخراجات پورے کرنا دشوار ہو چکا ہے، جبکہ نوجوانوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی روزگار سے محروم ہیں۔ سیاست دانوں کو عوام کے سامنے زمینی حقائق رکھنے چاہئیں، انہیں گمراہ نہیں کرنا چاہیے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں شرکت کو اپنی ذمہ داری سمجھنا چاہیے اور پارلیمانی کمیٹیوں کے بائیکاٹ پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ انتخابی اصلاحات کے لیے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، کیونکہ جب تک انتخابی نظام پر تمام سیاسی قوتوں کا اعتماد بحال نہیں ہوگا، انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومتوں کی ساکھ بھی متنازع رہے گی۔ حالیہ انتخابات پر حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے اعتراضات سامنے آئے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عدالتی نظام پر بھی اپوزیشن کےتحفظات دور کرنے کی ضرورت ہے۔ 1973ء کا آئین اتفاق رائے سے منظور ہوا تھا اور اسی جذبے کو آج بھی برقرار رکھنا ہوگا۔ 26ویں آئینی ترمیم میثاق جمہوریت کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ تھی، جبکہ 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی۔ تمام صوبوں کو عدالتی نظام میں مساوی نمائندگی دینا ایک اہم کامیابی ہے، تاہم عدلیہ پر اعتماد کی بحالی کے لیے مزید اقدامات پر غور کیا جا سکتا ہے۔جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے پر اتفاق رائے موجود ہے تو مزید ریفرنڈم کی ضرورت نہیں اور فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جا سکتا ہے۔ پنجاب اسمبلی جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں قرارداد منظور کر چکی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی متعدد مرتبہ صوبے کی تقسیم کی مخالفت کر چکی ہے۔ پیپلز پارٹی پورے پاکستان کی جماعت ہے اور صوبوں کے حوالے سے اس کا مؤقف واضح ہے۔ گلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دینے کے معاملے پر بھی سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے خیبرپختونخوا تک دہشت گردی کی آگ پھیل رہی ہے، ایسے حالات میں ملک میں تقسیم اور اختلافات کی نئی لکیریں پیدا نہیں کرنی چاہئیں۔ اختلاف رائے کو برداشت کرنا ہوگا اور کسی کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔ دہشت گردی پیپلز پارٹی کے لیے ریڈ لائن ہے، اسی لیے غیر مقبول ہونے کے باوجود ہنگامی اقدامات کی حمایت کی گئی۔ اگر پی ٹی آئی کسی معاہدے پر پہنچتی ہے تو وزیراعظم سے گورنر راج ختم کرنے کی درخواست کی جا سکتی ہے۔اگلے سال مکمل ہونے کے بعد منتخب نمائندوں کی خواہشات کے مطابق اصلاحات کی جائیں گی۔ پیپلز پارٹی ملک کی تاریخ کا سب سے بااختیار بلدیاتی نظام متعارف کرائے گی۔مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا ان کا حق ہے، ہمیں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ پیپلز پارٹی نظر بندی کی مذمت کرتی ہے اور جلد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کو بنیادی حقوق نہیں دیئے، تاہم پی ٹی آئی ایک سیاسی حقیقت ہے اور اسے سیاسی مفاہمت کے عمل سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں واپس کرنا بھی اعتماد سازی کا اہم اقدام ہوگا۔ ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو اس مقصد کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا۔آزاد صحافت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بلاول بھٹو
آزاد صحافت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صحافت معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ میڈیا کا کام حکمرانوں کو آئینہ دکھانا اور انہیں جواب دہ بنانا ہے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی صحافت کو کمزور کرنے کی خواہش نہیں رکھی اور میڈیا کی آزادی کی بحالی کے لیے سنجیدہ مکالمے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہتھیاروں کے بجائے اپنے افکار اور قلم کی طاقت سے اپنا مقصد حاصل کیا تھا، آزاد صحافت بھی اسی طرح معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔خطاب کے آغاز میں بلاول بھٹو زرداری نے ملتان پریس کلب کی دعوت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ملتان پریس کلب کی بنیاد قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں رکھی گئی تھی اور یہ وہ واحد مقام تھا جس نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو اس وقت مدعو کیا جب دیگر حلقے ایسا کرنے سے گریزاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورہ ملتان کے موقع پر پنجاب تباہ کن سیلاب کی زد میں تھا اور پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے اس دوران مثالی کردار ادا کیا تھا۔


