سعودی عرب کیساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری جاری رکھنا چاہتے ہیں، امریکا

ریاض، تیل کی پیداوار اور چین سے کئی تجارتی معاہدے کرنے پر سعودی عرب سے ناراض امریکا نے ایک بار پھر اسٹریٹجک شراکت داری کی خواہش کا اظہار کردیا۔
العربیہ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں امریکی قومی سلامتی کونسل کے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے 80 سال سے زیادہ پرانے تعلقات ہیں جو عوامی مفاد میں جاری رہنے چاہییں۔
جان کربی نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ امریکا اپنے عوام کے مفاد کی خاطر اور سعودی عرب کی قومی سلامتی سے متعلق اسٹریٹیجک شراکت داری کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے اسٹریٹیجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی نے کہا کہ امریکا کی نئی حکومت میں جوبائیڈن انتظامیہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
جان کربی نے کہا کہ انھیں سعودی حکومت کی جانب سے مثبت اشارے ملے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن میں سعودی عرب کے اہم کردار سے بخوبی واقف ہیں اور ہم وہاں مشترکہ دشمن کو پاؤں جمانے نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے تیل پیداوار بڑھانے کے مطالبے کو سعودی عرب سمیت اوپیک ممالک نے مسترد کردیا تھا جب کہ حال ہی میں سعودی عرب نے چین کے ساتھ درجنوں تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں