جماعت اسلامی اپنا میئر بنانے کی پوزیشن میں ہے ،حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی اس وقت یہ پوزیشن ہے کہ ہم اپنا میئر بنائیں گے، کراچی شہر کی خدمت کیلئے تیار ہیں ۔
میئر کراچی کے معاملے پر بات چیت کے لیے جماعت اسلامی کے وفد نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں علی زیدی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمان نے علی زیدی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا، حلقہ بندیوں پر ہمیں بھی تحفظات تھے، اگر جائز طریقے سے پیپلز پارٹی بھی جیتےتو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم سب کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے لیکن اس کے لئے کم از کم جائز ہونا ضروری ہے ، اس شہر کے مینڈیٹ کا تحفظ کرنا سب سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داری ہے، شہریوں کا فرض ہے ہمارا ساتھ دیں اور ہمارا فرض ہے شہریوں کے ڈالے گئے ایک ایک ووٹ کی حفاظت کریں۔
انہوں نے کہا کہ علی زیدی اور ان کی پوری ٹیم کا شکر ادا کرتا ہوں انہوں نے الیکشن کے بعد ہمارے لیے کلمہ خیر کہا اور ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔
اس موقع پر علی زیدی نے کہا کہ فارم 11 کے معاملے پر 4 رکنی مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے، مشترکہ کمیٹی فارم 11 اور الیکشن سے متعلق دیگر معاملات کو دیکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو بلدیاتی انتخابات کے نام پر جو ڈرامہ تھا سب نے دیکھا، الیکشن سے قبل ،الیکشن کے دوران اور بعد ہمارا آپس میں رابطہ تھا، زرداری مافیا نے جو ہم پر پلان اٹیک کروایا تھا حافظ نعیم بھائی نے اس کی مذمت کی۔
علی زیدی نے کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے ہوتا ہے میری نظر میں اختلاف رائے برکت کا باعث ہوتا ہے، ہمارا جماعت اسلامی کے ساتھ بہت چیزوں میں اختلاف رائے رہا ہے، 4حلقوں کا رزلٹ تبدیل کیا گیا، ابھی 40کا خط لکھا ہوا ہے، اگلی بار وفاقی حکومت ہم بنائیں گے ، جو حالات ہیں ہم امید رکھتے ہیں وفاقی اور صوبائی حکومت بنائیں گے، ہم میئر کو اصل اختیارات دیں گے، ہم بتائیں گے میئر کے اختیارات ہوتے کیسے ہیں۔
قبل ازیں اسی معاملے پر 19 جنوری کو سندھ کے وزیر سعید غنی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد جماعتِ اسلامی کراچی کے دفتر ادارۂ نورِ حق میں حافظ نعیم الرحمٰن اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کر چکا ہے۔ ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات اور میئر کراچی سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال ہوا تھا۔
کراچی کے میئر کے انتخاب کے معاملے پر پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے رابطہ کیا ہے ، اس سلسلے میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے قائدین کی آج باضابطہ ملاقات ہوگی ، جس میں پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت سے مئیر کراچی کے انتخاب کے لئے حمایت کرنے کی درخواست کرے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں