الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے اختیار کا احترام کیا جائے، نگراں وزرائے قانون

آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا واحد اختیار ہے، وزرائے قانون

آ ئین کو مجموعی طور پر پڑھا جانا چاہیے اور آ ئین کی کسی بھی شق کو دیگر متعلقہ دفعات سے الگ کر کے نہیں پڑھنا چاہیے،مشاورتی اجلاس میں وزرائے قانون کی رائے
اسلام آباد: نگراں وزرائے قانون نے کہا ہے کہ ادارے الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے اختیار کا احترام کریں۔نگراں وفاقی وزیر قانون وانصاف احمد عرفان اسلم کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق صوبائی وزرائے قانون کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں نگراں صوبائی وزیر قانون پنجاب کنور دلشاد ،سندھ کے وزیر قانون محمد عمر سومرو،خیبر پختونخوا کے وزیر قانون ارشد حسین شاہ اور بلوچستان کے نگراں وزیر قانون امان اللہ کنرانی نے شرکت کی۔اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی اور صوبائی نگراں وزراء قانون و انصاف نےمتفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ آ ئین کو مجموعی طور پر پڑھا جانا چاہیے اور آ ئین کی کسی بھی شق کو دیگر متعلقہ دفعات کو الگ کر کے نہیں پڑھنا چاہیے۔ آ ئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا واحد اختیار ہے۔صوبائی وزرائے قانون نے اس بات پر زور دیا کہ فیڈریشن کو مضبوط بنانے، تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے اور مختلف انتخابات کی تاریخوں پر سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے قومی خزانے پر پڑنے والے غیر ضروری مالی بوجھ سے بچنے کے لیے، عام انتخابات اور قومی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آ ئینی ادارہ ہے۔ ریاست کے تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی خودمختاری اور حلقہ بندیوں کی حد بندی اور انتخابی شیڈول کے تعین میں اس کے اختیار کا احترام کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں