انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ

-فوٹو : فائل

کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔
بدھ کو کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 19 پیسے کی کمی سے 286 روپے 20 پیسے پر بھی آگئی تھی لیکن دوپہر کو وقفے وقفے سے محدود پیمانے کی طلب سے ڈالر کی پیش قدمی شروع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 50 پیسے کے اضافے سے 286 روپے 89پیسے پر بند ہوئے لیکن اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 287 روپے 50 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کو رواں سال 6.5 ارب ڈالر کے فنانشل گیپ کا سامنا ہے اور اس گیپ کو پورا کرنے کے لیے حکومت نے حکمت عملی بھی مرتب کرکے آئی ایم ایف حکام کو پیش کردی ہے۔مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل گیپ کو پورا کرنے کے لیے چین کی جانب سے پاکستان کے لیے 600 ملین ڈالر کی فنانسنگ منظور کرلی گئی ہے جبکہ جینوا کانفرنس میں فلڈ ریلیف فنڈ کی مد میں ڈونرز کی جانب وعدے پورے ہونے کی امید، دوست ممالک سے نئے قرضوں اور آئی ایم ایف سے قرضوں کی اقساط موصول ہونے سے توقع ہے کہ جون 2024 تک ذرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 9 سے 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا جو ڈالر کی پیش قدمی کو قابو میں رکھنے کا باعث بنے گا۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا بھی کہنا ہے ڈالر کی قدر میں حالیہ اضافے کا تسلسل سٹے بازی نہیں بلکہ حقیقی ڈیمانڈ پر مبنی ہے، نئے درآمدی لیٹر آف کریڈٹس کھلنے سے بھی ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھگئی ہے تاہم معیشت درست سمت گامزن ہونے سے معاشی اشاریے مثبت نظر آرہے ہیں جس سے توقع ہے کہ ڈالر کی قدر قابو میں رہے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں