چند روز میں بلاول بھی مان جائیں گے کہ اگلی حکومت ن لیگ کی ہے، رانا ثنا اللہ

پہلے بلاول پیپلزپارٹی کی حکومت کے آنے کا دعویٰ کرتے رہے، اب وہ مخلوط حکومت کی بات کر رہے ہیں -فوٹو : فائل

ہم نے اوئے توئے کی سیاست اور تصادم سے ہر صورت میں بچنا ہے
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کچھ دن پہلے بلاول پیپلزپارٹی کی حکومت کے آنے کا دعویٰ کرتے رہے، اب وہ مخلوط حکومت کی بات کر رہے ہیں لیکن اگلے چند دنوں میں وہ مان جائیں گے کہ آئندہ حکومت مسلم لیگ ن کی آ رہی ہے۔پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں پی ٹی آئی کے منحرف سابقہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر لیگی صوبائی صدر نے بلاول بھٹو زرداری کو چھوٹا بھائی سمجھ کر مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہمارے خلاف الیکشن لڑنے کے لئے ہمارے خلاف باتیں ضرور کریں لیکن ہم نے اوئے توئے کی سیاست اور تصادم سے ہر صورت میں بچنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت بتدریج مضبوط ہو رہی ہے اس لئے اب شاید سیاست میں ماضی کی طرح مداخلت نہ ہو سکے، پی ڈی ایم کبھی بھی انتخابی اتحاد نہیں رہا لیکن الیکشن کے بعد ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، اب کی بار جنوبی پنجاب کی 46 میں سے 40 سے زائد نشستیں جیت جائیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم بلاول کی زبان یا انداز میں جواب نہیں دینا چاہتے، ہم اس قسم کی تلخیوں کو بڑھائیں گے نہیں بلکہ کم کریں گے، الیکشن کے بعد بھی ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، پنجاب میں الیکشن لڑنے کے لئے پیپلزپارٹی کو ہماری مخالفت میں بات کرنا ہو گی۔لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کیخلاف بننے والا اپوزیشن اتحاد بعد میں حکومتی اتحاد تو بنا لیکن وہ کبھی بھی انتخابی اتحاد نہیں تھا، مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے ساتھ صوبہ خیبرپختونخوا میں اتحاد کی تجویز ضرور ہے لیکن ابھی اس پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ملکی مسائل ایسے ہیں کہ آئندہ انتخابات کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔لیگی صوبائی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں اب مداخلت پہلے کی طرح نہیں ہو سکے گی، پنجاب کے جس حلقے میں ہمارا اپنا ورکر مضبوط امیدوار ہوا تو اسے ہی ٹکٹ دی جائے گی، دوسری صورت میں الیکٹیبلز کو ٹکٹ دینے میں کوئی حرج نہیں، جنونی پنجاب صوبے کا فیصلہ وقت آنے پر کرینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ خاور مانیکا کا انٹرویو سنیں اور صرف یہ دیکھیں کہ وہ سچ کہہ رہے ہیں یا نہیں، میری اطلاعات کے مطابق خاور مانیکا کی زیادہ تر باتیں درست ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں