عام انتخابات: خیبر پختونخوا حکومت کو 25 ہزار 271 سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا

اجلاس میں بتایا گیا کہ آنے والے انتخابات میں فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر کانسٹیبلری سے بھی مدد لی جائے گی-

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کو عام انتخابات کیلئے 25 ہزار 271 سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
8 فروری کو ہونے والے انتخابات سے متعلق نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے سیکرٹریز سمیت پولیس کے اعلیٰ افسر بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ آنے والے انتخابات میں 15 ہزار 7 سو 37 پولنگ سٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا، 4 ہزار 812 پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس، 6 ہزار 581 کو حساس جبکہ 4 ہزار 344 کو نارمل قرار دے دیا گیا ہے۔صوبے کے 1 ہزار 919 پولنگ سٹیشن برف باری والے علاقوں میں قائم کئے جائیں گے، ضم اور جنوبی اضلاع کے حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر 11 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر معمور ہوں گے، صوبہ بھر میں انتخابات میں ڈیوٹی کے لئے حکومت کو 1 لاکھ 15 ہزار 430 سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آنے والے انتخابات میں فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر کانسٹیبلری سے بھی مدد لی جائے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں