احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے

پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کہا کہ ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے-فوٹو: فائل

اسلام آباد: احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری احتساب عدالت اسلام آباد نے معطل کردیئے۔ عدالت نے ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری 14 مارچ تک کے لیے معطل کیے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔قبل ازیں حسن نواز اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن اور رانا عرفان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے تھے، جس پر سماعت کے بعد احتساب عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 7 سال قبل دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیاتھا۔عدالت میں دائر درخواست میں وکیل قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ریفرنس میں ہائیکورٹ سے تمام دیگر ملزمان بری ہوچکے ہیں۔ 12 مارچ کو حسن نواز اور حسین نواز پاکستان آکر عدالت پیش ہو جائیں گے۔ 2 وارنٹ گرفتاری پہلے سے معطل کر دیے گئے ہیں۔ ملزمان خود آکر عدالت میں سرنڈر کر سکتے ہیں۔پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کہا کہ ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں