تاجروں کا کمشنر کراچی کے جاری کردہ نرخ کے خلاف احتجاج، جوڑیا بازار بند

تاجروں نے کمشنر کراچی کے مقرر کردہ نرخ مسترد کردیے-فائل: فوٹو

کراچی: شہر کی ہول سیل مارکیٹ کے تاجروں نے کمشنر کراچی کے جاری کردہ کریانہ آئٹمز کے نرخ مسترد کرتے ہوئے جوڑیا بازار کی دکانیں احتجاجاً بند کردیں۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سہ پہر ملک کی سب سے بڑی اجناس منڈی جوڑیا بازار کی دکانیں اور گودام احتجاجاً بند کردیے گئے، اس سے قبل کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی کے نرخ نامے پر اعتراض اٹھایا تھا۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے رمضان کے لیے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے میں چینی اور دالوں کی قیمت ہول سیل قیمت سے کم مقرر کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دالوں میں 25 سے 40 روپے، چینی کی قیمت میں 13 روپے تک کا فرق ہے، اس قیمت پر فروخت ناممکن ہے، دوسری جانب بازار کی قیمت پر فروخت کریں تو چھاپوں اور جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا اس لیے احتجاجاً کاروبار بند کررہے ہیں۔ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے دالیں مہنگی ہوگئی ہیں جبکہ کمشنر کراچی نے دالوں کی قیمت 30 سے 40 روپے تک کم مقرر کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شوگر ملیں 135روپے ایکس مل قیمت پر چینی فروخت کررہی ہیں لیکن کمشنر کراچی نے چینی کی قیمت 123روپے مقرر کردی ہے۔عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ حکومت مہنگائی کم کرنا چاہتی ہے تو ڈالر کو لگام دے اور شوگر ملوں سے بھی کم قیمت پر چینی دلوائی جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں