صدر ورلڈ بینک کی ٹیکسلا میوزیم میں پنجاب حکومت کے ورثہ تحفظ اقدامات کی بھرپور تعریف

تاریخی مقامات کو ترقیاتی اثاثہ کے طور پر محفوظ بنانا ایک قابلِ تقلید ماڈل ہے، اجے پال سنگھ بنگ

راولپنڈی:( جاگیر نیوز )ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ تاریخی ٹیکسلا میوزیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ذیشان رفیق نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔دورے کے دوران وفد کو ٹیکسلا میوزیم کا تفصیلی معائنہ کرایا گیا جو پاکستان کے اہم ترین آثارِ قدیمہ اور تاریخی نوادرات کا مرکز ہے۔ ورلڈ بینک کے صدر اور وفد نے حکومتِ پنجاب بالخصوص ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی پنجاب کی جانب سے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور جدید خطوط پر پیشکش کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں اعلیٰ علمی معیار اور غیر معمولی پیشہ ورانہ نگہداشت کا مظہر قرار دیا۔وفد کو ٹیکسلا ہیریٹیج سٹی منصوبے کے تحت جاری تحفظاتی اور ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایک جامع دستاویزی پریزنٹیشن کے ذریعے میوزیم اور اس کے گرد و نواح میں واقع تاریخی ورثے کی مجموعی ترقی کے ماسٹر پلان سے آگاہ کیا گیا جس کا مقصد ورثہ تحفظ، سیاحتی سہولیات میں بہتری اور پائیدار شہری ترقی کو یکجا کرنا ہے۔ورلڈ بینک کے صدر نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومتِ پنجاب کے ورثہ دوست وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخی مقامات کو ترقیاتی اثاثہ کے طور پر محفوظ بنانا ایک قابلِ تقلید ماڈل ہے۔ انہوں نے سینئر وزیر پنجاب محترمہ مریم اورنگزیب کی جانب سے ثقافت اور ورثہ کے فروغ کے لیے فعال کردار اور ذاتی دلچسپی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔سیکرٹری سیاحت پنجاب سُکرات امان رانا نے ٹیکسلا ہیریٹیج سٹی ماسٹر پلان کے خدوخال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ تاریخی ورثے کے تحفظ، سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب زہیر عباس ملک نے منصوبے پر مرحلہ وار عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں بین الاقوامی تحفظاتی اصولوں، مقامی کمیونٹی کی شمولیت اور بین المحکماتی تعاون کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔دورے کے اختتام پر اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ٹیکسلا جیسے عالمی اہمیت کے حامل، یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ میں شامل تاریخی مقامات کا تحفظ نہ صرف آئندہ نسلوں کی امانت ہے بلکہ یہ ثقافتی سفارت کاری، بین الاقوامی تعاون اور پائیدار ترقی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں