ساؤتھ ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن خطے میں اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے کوشاں ہے، اکرم ساہی
ملک میں گراس روٹ سطح پر تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کو باقاعدگی سے یقینی بنانے کی ضرورت ہے اس کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹھوس اقدامات کریں، (ر)میجر جنرل محمد اکرم ساہی
سپورٹس رپورٹر: رانا تنویر
لاہور (جاگیرنیوز) سائوتھ ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین اور نائب صدر، ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن میجر جنرل محمد اکرم ساہی (ریٹائرڈ) نے کہا ہے کہ ساؤتھ ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن خطے میں اتھلیٹکس کے کھیل کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن خطے میں اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کے لئے جونیئر اور سینئراتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مقابلوں کا انعقاد کرتی ہے جس میں ساؤتھ ایشیاء کے تمام ملکوں کے کھلاڑی اپنی، اپنی قسمت آزمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام نیشنل جونئیر اتھلیٹکس چیمپئن شپ، قیوم سٹیڈیم، پشاور میں شروع ہے اور ایسے جونیئر ٹورنامنٹ باقاعدگی سے منعقد ہونے چاہئے جوکہ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بریگیڈئیر وجاہت حسین (ریٹائرڈ) کی زیر سرپرستی میں نیشنل جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ باقاعدگی سے منعقد ہو رہی ہے اور ایسے مقابلوں میں گراس روٹ سطح پر نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے جونیئر مقابلوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں منیجر جنرل اکرام ساہی کا کہنا تھا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو باقاعدگی کے ساتھ یقینی بنانے کی ضرورت ہے اس پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹھوس اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی نرسری کا کام کر سکتے ہیں اور فیڈریشنز تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ کو ابھار بھی سکتی ہے۔ ملک میں اتھلیٹکس کی ترقی کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کی ترقی کے لئے بھی کام کرنا چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیل بھی ترقی کرسکیں۔




