بلاول بھٹو نے تاریخی ہسپتال اسپینسر آئی کی بحالی اور مفت علاج کی سہولیات کا افتتاح کردیا

روزانہ تقریباً 4 ہزار مریضوں کو آنکھوں کے مفت معائنے اور علاج کی او پی ڈی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،مہنگائی اور معاشی مشکلات کے دور میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، چیئرمین پی پی پی

کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے اور شہر کی ترقی کے لیے وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ بھی کیا

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں

نیوز ڈیسک

کراچی (جاگیر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیاری کے تاریخی ڈاکٹر کیخسرو نانابھائے اسپینسر آئی ہسپتال کی بحالی اور جدید طبی سہولیات کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے دور میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، غربت یا مالی وسائل کی کمی کسی شہری کے علاج میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔قیامِ پاکستان سے قبل قائم ہونے والے اس تاریخی ہسپتال کو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے بحال کرکے 6 اپریل 2026ء کو دوبارہ فعال کیا تھا، جہاں روزانہ تقریباً 4 ہزار مریضوں کو آنکھوں کے مفت معائنے اور علاج کی او پی ڈی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ہسپتال کی بحالی اور جدید سہولیات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں کو کراچی سمیت ملک بھر کا سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیاری کو بھی شمسی توانائی سے مستفید کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت مستحق خاندانوں کو سولر انرجی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔مجوزہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے عوام اور منتخب نمائندے صوبے کے مستقبل کے بارے میں اپنا مؤقف واضح کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر مزید بحث ختم کرنے پر زور دیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کو نظرانداز کیے جانے سے متعلق سوال پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے اور شہر کی ترقی کے لیے وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیےبعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں