سلام بھٹو ریلی گڑھی خدا بخش پہنچ گئی، شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے وفد نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی
سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کا ملیر، حیدرآباد، نواب شاہ، مورو، دادو اور دیگر شہروں میں جیالوں نے پرتپاک استقبال کیا

ویب ڈیسک
کراچی/لاڑکانہ:(جاگیر نیوز) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی سلام بھٹو ریلی صدر منصور شاہانی کی قیادت میں کراچی سے گڑھی خدا بخش پہنچ گئی۔ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کا ملیر، حیدرآباد، نواب شاہ، مورو، دادو اور دیگر شہروں میں جیالوں نے پرتپاک استقبال کیا۔گڑھی خدا بخش پہنچنے پر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے وفد نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر عہدیداران اور کارکنان نے شہید قائدین کی جمہوری جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ریلی کا مقصد نوجوان نسل کو پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے مشن سے روشناس کرانا ہے۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ لالہ مراد، سیکرٹری اطلاعات شہریار بھگت سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔




