سعودی کابینہ اجلاس: قومی سلامتی کو خطرہ پہنچانے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا،ولی عہد اور وزیراعظم کااعلان

سعودی عرب دوست ممالک کے ساتھ قریبی رابطوں اور سفارتی تعاون کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے، ترقیاتی عمل آگے بڑھانے اور عوام کے لیے خوشحالی و پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رکھے گا،سعودی کابینہ

ویب ڈیسک

ریاض:(جاگیرنیوز) سعودی عرب نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے باوجود مملکت اپنی سلامتی کے دفاع اور علاقائی استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔
یہ اعلان ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ریاض میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔سعودی کابینہ نے واضح کیا ہے کہ مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے یا شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔اجلاس میں مشرق وسطیٰ سمیت عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب دوست ممالک کے ساتھ قریبی رابطوں اور سفارتی تعاون کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے، ترقیاتی عمل آگے بڑھانے اور عوام کے لیے خوشحالی و پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رکھے گا۔اجلاس کے آغاز میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور اپنے نام ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم اسکندر کی جانب سے موصول ہونے والے دو پیغامات سے کابینہ کو آگاہ کیا۔انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو بھیجے گئے اپنے پیغام کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ، رومانیہ کے صدر نیکوسور دان اور اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز سے ٹیلی فونک رابطوں کے بارے میں بھی بتایا۔ کابینہ کو اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ سے ملاقات کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں