راولپنڈی ٹیسٹ دوسرا روز: سری لنکا کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 153 رنز درکار، 7 وکٹیں باقی

پاکستان ٹیم سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تاہم اسے 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی

دوسرے روز خراب روشنی کے باعث کھیل کا اختتام پرسری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لیے تھے، پاکستان کی جانب سے ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کر رکھی ہے

سپورٹس ڈیسک

راولپنڈی:(جاگیرنیوز) راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو پاکستان کے خلاف اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 153 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔
دوسرے روز خراب روشنی کے باعث کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لیے تھے۔
دھننجیا ڈی سلوا 24 اور پاسندو سوریا بندارا 18 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ کامندو مینڈس 16، لاہیرو یوڈارا 7 اور دنیش چندیمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تاہم اسے 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔پاکستان نے 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو اذان اویس گزشتہ روز کے اسکور میں کسی اضافے کے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ہمراہ 57 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 24 رنز بناکر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔بعد ازاں ثاقب خان 37، سلمان علی آغا 21 اور عامر جمال 12 رنز بنا کر چلتے بنے تاہم غازی غوری (54) نے رضااللہ (42) کے ہمراہ 56 رنز کی شراکت قائم کی۔رضا اللہ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جبکہ محمد عباس 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے کیریئر میں دوسری مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا اور ملن رتھنائیکے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا تھا۔پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو صرف 98 پر آل آؤٹ کردیا تھا۔یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے جبکہ یہ سری لنکا کا پاکستان کے خلاف چوتھا کم ترین اسکور بھی ہے۔کپتان کوشال مینڈس (32) اور سونل دینوشا (21) کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک، ملن رتھنائیکے صفر، پرباتھ جے سوریا 3 اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں