پاکستان گکھڑ فیڈریشن کی 23ویں سالانہ ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب: 40 لاکھ روپے کے تعلیمی وظائف و اعزازات تقسیم

گکھڑ ٹیلنٹ ایوارڈ پوری برادری کو متحد کرنے، باہمی روابط مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو اپنی تاریخ، روایات اور مثبت اقدار سے جوڑنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے،چیف آرگنائزر کیپٹن (ر) فائز اختر کیانی

میٹرک سے پی ایچ ڈی تک نمایاں طلبہ کی حوصلہ افزائی، گکھڑ برادری کی ملک بھر سے بھرپور شرکت

راولپنڈی (جاگیر نیوز) پاکستان گکھڑ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام 23واں سالانہ گکھڑ ٹیلنٹ ایوارڈ کی پروقار تقریب راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان بھر اور آزاد کشمیر سے گکھڑ برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں تقریباً 40 لاکھ روپے کے تعلیمی وظائف، نقد انعامات، ایوارڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔شرکاء کی غیر معمولی تعداد کے باعث آڈیٹوریم کھچا کھچ بھر گیا اور متعدد افراد نے کھڑے ہو کر تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گکھڑ برادری کے اتحاد، تعلیمی ترقی، تاریخی ورثے سے وابستگی اور نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔تقریب کا خصوصی کیگوہر ایوارڈ پھروالہ کی ممتاز تاریخی شخصیت راجہ حسن اختر کے نام منسوب کیا گیا، جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کی قومی، تاریخی اور سیاسی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ ان کے خاندان کی جانب سے وصول کیا گیا۔تقریب میں چیف ایڈیٹر روزنامہ اوصاف مہتاب خان سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ گکھڑ اتحاد ایسوسی ایشن کھاوڑہ، ضلع مظفرآباد آزاد کشمیر کے وفد نے بھی بھرپور شرکت کی، جس میں صدر محمد تاج کیانی، ڈپٹی چیف آرگنائزر محمد شہزاد کیانی، جنرل سیکرٹری محمد الطاف کیانی، سیکرٹری نشر و اشاعت ندیم کیانی، سیکرٹری فنانس فیصل کیانی، نائب صدر عدنان کیانی اور میڈیا کوآرڈینیٹر شبیر شریف کیانی شامل تھے۔ وفد نے مہمانوں کے استقبال اور میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر پاکستان گکھڑ فیڈریشن کیپٹن (ر) فائز اختر کیانی نے کہا کہ فیڈریشن کا بنیادی مقصد گکھڑ برادری میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا، نئی نسل کو اپنے تاریخی ورثے سے روشناس کرانا اور تعلیم کے میدان میں باصلاحیت طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ گکھڑ ٹیلنٹ ایوارڈ محض ایک تقریب نہیں بلکہ پوری برادری کو متحد کرنے، باہمی روابط مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو اپنی تاریخ، روایات اور مثبت اقدار سے جوڑنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے تقریب میں شریک مہمانوں، گکھڑ خاندانوں، معاونین اور تعلیمی وظائف کے لیے تعاون کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیڈریشن آئندہ بھی تعلیمی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھے گی اور نوجوان نسل کی ترقی و کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان گکھڑ فیڈریشن کی قیادت کو 23 سال سے تعلیمی و فلاحی روایت برقرار رکھنے، مستحق اور باصلاحیت طلبہ کی سرپرستی، نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی اور گکھڑ برادری کے اتحاد و اتفاق کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں