اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پارلیمنٹ میں نشستیں مخصوص اورووٹ کا حق دیا جائے،غلام مصطفیٰ دیوان
بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف وطن عزیز سے گہری محبت رکھتے ہیں بلکہ مشکل حالات میں اپنے ہم وطنوں کی مدد، فلاحی سرگرمیوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں
اوورسیز پاکستانیوں کو سفری دستاویزات، پاسپورٹ، نائیکوپ، قانونی معاملات اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے دوران متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن کے حل کے لیے حکومت کو مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں
چالیس ارب ڈالر سالانہ زرمبادلہ کی صورت میں بھیجتے ہیں،بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے بعض افراد اپنے ہم وطنوں کی مشکلات میں عملی طور پر ساتھ دیتے ہیں،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد (جاگیرنیوز) پاکستان اوورسیز فورم کے وائس چیئرمین غلام مصطفیٰ دیوان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت انکے لئے پارلیمنٹ میں مخصو ص نشستوں کے ساتھ ووٹ کا حق بھی دے.
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ دیوان نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کیلئےنائیکوپ کی مدت ختم ہونے کے چھ ماہ تک سفری سہولیات کو برقرار رکھا جائے،اوورسیزکو درپیش مسائل کےتمام حل کیلئے ایک ہی چھت تلے سہولیات فراہم کی جائیں،اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کیلئےمناسب سہولیات فراہم کی جائیں،بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف وطن عزیز سے گہری محبت رکھتے ہیں بلکہ مشکل حالات میں اپنے ہم وطنوں کی مدد، فلاحی سرگرمیوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم اوورسیز پاکستانیوں کو سفری دستاویزات، پاسپورٹ، نائیکوپ، قانونی معاملات اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے دوران متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن کے حل کے لیے حکومت کو مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں، اوورسیز پاکستانی ملک میں چالیس ارب ڈالر سالانہ زرمبادلہ کی صورت میں بھیجتے ہیں،انہوں نےاوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے بعض افراد اپنے ہم وطنوں کی مشکلات میں عملی طور پر ساتھ دیتے ہیں، بالخصوص ایسے افراد جن کے قانونی کاغذات منسوخ ہو جاتے ہیں یا انہیں بیرون ملک انتقال کرنے والے پاکستانیوں کی میت پاکستان منتقل کرنے جیسے مشکل معاملات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے مواقع پر انفرادی سطح پر کی جانے والی مدد متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑی سہولت بن جاتی ہے۔اس موقع پر عبدالرزاق نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر اظہار خیال کی درخواست کی جبکہ چوہدری فیاض جو یورپ کی نمائندگی کرتے ہیں نے بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری اور پاکستان میں کاروبار کے حوالے سے تجربات بیان کرنے کو کہا گیا۔چوہدری فیاض نے بیرون ملک کاروبار اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے تجربات کی روشنی میں کہا کہ جب کوئی اوورسیز پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرتا ہے تو اس کی توقع ہوتی ہے کہ اسے کاروبار کے لیے مناسب سہولتیں، حوصلہ افزائی اور ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں اس کی سرمایہ کاری محفوظ ہو اور کاروباری معاملات شفاف انداز میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ چار سے پانچ سال قبل پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آئے اور اب ملک میں ان کی چھ فرنچائزز قائم ہیں، تاہم سرمایہ کاری کے عمل میں بعض مشکلات بھی سامنے آتی ہیں جن کے حل کی ضرورت ہے۔کینیڈا میں مقیم ملک ابرار نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش سفری مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بعض پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ، نائیکوپ اور دیگر سفری دستاویزات کی میعاد ختم ہونے یا تجدید میں تاخیر کے باعث مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں ایک پاکستانی خاندان کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب خاتون کے پاکستانی پاسپورٹ کی میعاد سفر سے ایک روز قبل ختم ہو گئی۔ ایئرلائن نے انہیں سفر کی اجازت نہیں دی، جس کے نتیجے میں ٹکٹ منسوخ کرنے اور دوبارہ بکنگ سمیت اضافی مالی اخراجات برداشت کرنا پڑے۔مقررین نے تجویز دی کہ ایسے پاکستانی شہری جن کے نائیکوپ یا دیگر شناختی دستاویزات کی میعاد ختم ہونے میں چند ماہ باقی ہوں، انہیں مخصوص شرائط کے تحت سفری سہولت یا عارضی ریلیف فراہم کیا جائے، خصوصاً ان افراد کو جو پاکستانی شہریت یا پیدائشی تعلق رکھتے ہیں، تاکہ چھوٹے دستاویزی مسائل ان کے سفری منصوبوں اور مالی معاملات کو متاثر نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہی رکھنے اور انہیں حل کرنے کے لیے مؤثر نظام کی ضرورت ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارتی مشنز، متعلقہ اداروں اور آن لائن سہولتوں کے ذریعے شکایات کے فوری ازالے، سفری دستاویزات کی بروقت تجدید اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے اقدامات کرے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں تاکہ وہ مزید اعتماد کے ساتھ پاکستان کی ترقی، معاشی استحکام اور فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔


