لوئس روبیلز کوخاتون کھلاڑی کا بوسہ مہنگا پڑگیا فیفا نے ان پر 90 دن کی پابندی عائد کردی

لوئس روبیلز نے کھلاڑیوں کومیڈلز پہنائے اور گال پر پیار بھی کیا تاہم مڈ فیلڈر ہرموسو کو ہونٹوں پر بوسہ دیا، اس غیر متوقع حرکت پر کھلاڑی بھی پریشان ہوگئیں -فوٹو: فائل

خاتون فٹبالر کا بوسہ لینے پر فیفا نے اسپین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ کو 90 دن کیلئے معطل کردیا
ناپسندیدہ بوسہ لینے میں ان کی رضا مندی شامل نہیں تھی ، لوئس روبیلز کے اقدام کو صحیح ثابت کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے،جینی ہرموسو
ویب ڈیسک :فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کا کہنا ہے کہ پابندی کے دوران لوئس روبیلز قومی اور بین الاقوامی سطح پر فٹ بال سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔فیفا کی تادیبی کمیٹی نے لوئس روبیلز کو خاتون کھلاڑی جینی ہرموسو یا انکے قریبی لوگوں سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ ویمن فٹبال ورلڈ کپ کی تقسیم انعامات کے دوران اسپین فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز نے اسپین کی 33 سالہ کھلاڑی جینی برموسو کے ہونٹوں پر بوسہ دیا تھا۔تقریب میں اسٹیج پر لوئس روبیلز فیفا کے ایک عہدیدار کی حیثیت سے موجود تھے۔
اسی حیثیت میں لوئس روبیلز نے اسپین کی کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور گال پر پیار بھی کیا تاہم مڈ فیلڈر ہرموسو کو ہونٹوں پر بوسہ دیا۔ اس غیر متوقع حرکت پر کھلاڑی بھی پریشان ہوگئیں۔گزشتہ روز جینی ہرموسو نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ فیڈریشن کے صدر کی جانب سے ناپسندیدہ بوسہ لینے میں ان کی رضا مندی شامل نہیں تھی۔جینی ہرموسو نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ لوئس روبیلز کے اقدام کو صحیح ثابت کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔اس واقعے کے بعد ورلڈ کپ جیتنے والی اسپین کی قومی ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں نے لوئس روبیلز کو فیڈریشن کی سربراہی سے ہٹانے تک کسی بھی بین الاقوامی میچ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
توقع کی جا رہی تھی کہ لوئس روبیلز جمعہ کو اپنے استعفیٰ کا اعلان کریں گے لیکن انہوں نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں