مکی آرتھر نے بالآخر گرین شرٹس کیلئے وقت نکال ہی لیا

حالیہ ناقص پرفارمنس کے باوجود کسی اسپن بولنگ کوچ کو ساتھ نہیں بھجوایا جائے گا -فوٹو:ویب)

مکی آرتھر نے بالآخر گرین شرٹس کیلئے وقت نکال ہی لیا اورپاکستانی ٹیم کو30ستمبر سے جوائن کریں گے
لاہور: مکی آرتھر نے بالآخر گرین شرٹس کیلئے وقت نکال ہی لیا جب کہ ٹیم ڈائریکٹر 30ستمبر کو پاکستان کا ورلڈکپ اسکواڈ جوائن کریں گے۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق سربراہ نجم سیٹھی قومی ٹیم کی کوچنگ مکی آرتھر کو سپرد کرنے کے بڑے حامی تھے،دوسری جانب کوچ ڈاربی شائر کا پْرکشش معاہدہ چھوڑنے کو تیار نہیں ہوئے، بالآخر انھیں بھاری تنخواہ پر آن لائن ٹیم ڈائریکٹر بنانے کا انوکھا تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔مکی آرتھر نے اپنی مرضی کا کوچنگ اسٹاف بھی منتخب کیا مگر ٹیم کیلئے زیادہ وقت نہ نکال سکے،وہ ایشیاء کپ میں بھارت کیخلاف میچ سے قبل آئے اور پھر سری لنکا سے واپس روانہ بھی ہوگئے۔پی سی بی نے گذشتہ روز ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے یہ ’’خوشخبری‘‘ بھی سنائی کہ ٹیم ڈائریکٹر 30ستمبر کو بھارت میں ہی اسکواڈ کو جوائن کریں گے، اس وقت تک ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ کھیل چکی ہوگی۔دوسری جانب اعلان کردہ سپورٹ اسٹاف کے مطابق میگا ایونٹ میں ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک،بولنگ کوچ مورنے مورکل ہوں گے،پاکستانی اسپنرز کی حالیہ ناقص پرفارمنس کے باوجود کسی اسپن بولنگ کوچ کو ساتھ بھجوانے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔
آفتاب خان فیلڈنگ کوچ، عبدالرحمان اسسٹنٹ کوچ، ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم ڈاکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے،ڈریکس سائمن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ کے فرائض سر انجام دیں گے،ٹیم منیجر ریحان الحق، احسن افتخار ناگی میڈیا منیجر ہوں گے، مقبول بابری ماہر نفسیات، طلحہ اعجاز اینالسٹ، ملنگ علی مساجر اور عثمان انوری سیکیورٹی منیجر کے طور پر ہمراہ ہوں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں