نگراں وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمت میں اضافہ مؤخر کردیا

سرکاری اور پرائیویٹ کوٹہ مساوی ہوگا، وفاقی کابینہ نے حج پالیسی2024ء کی منظوری دیدی -فوٹو: فائل

انخلاء کا معاملہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف ہے، کسی مخصوص گروہ کے خلاف نہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ صرف افغانستان کے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے،نگراں وزیرداخلہ
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمت میں اضافہ موخر کرتے ہوئے ای سی سی کو معاملے کا ازسر نوجائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
نگراں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس کے بعد وزیرداخلہ،وزیرصحت اور وزیرثقافت کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے قدرتی گیس کی قیمت میں اضافہ مؤخر
کرتے ہوئے ای سی سی کو ازسر نوجائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کے لیے ری پیٹرئیٹ ایکٹ بحال کرنے کی منظوری دی گئی، ان غیرملکیوں کے انخلاء کےدوران ریاست کا کوئی ادارہ یا فرد اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کرے گا، جن لوگوں کوواپس بھیجا جا رہا ہے ان کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا۔نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہاکہ انخلاء کا معاملہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف ہے، کسی مخصوص گروہ کے خلاف نہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ صرف افغانستان کے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد واپس اپنے ملکوں کو جائیں، پھر وہ قانونی دستاویزات حاصل کر کے واپس آ سکتے ہیں، وہ پاکستانی جنہوں نے غیر قانونی مقیم افراد کو گھر کرایہ پر دے رکھے ہیں وہ بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں، ایسے افراد کے لیے موقع ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے بارے میں اطلاع فراہم کریں۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی2024ء کی منظوری دے دی ہے، اگلے سال ایک لاکھ79 ہزار210 افراد حج ادا کرسکیں گے، سرکاری اور پرائیویٹ کوٹہ مساوی ہوگا، حج پیکیج ایک لاکھ روپے کم کرکے جنوبی ریجن کے لیے 10 لاکھ 75 ہزار جبکہ شمالی ریجن کے لیے 10 لاکھ 65 ہزار روپے ہوگا، کوئی بھی خاتون بغیر محرم کے حج ادا کرسکے گی۔وزیرصحت نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کہ قانون کے مطابق شفافیت سے میرٹ پر ہسپتالوں کے سربراہان اور اعلی افسران لگائے جائیں گے ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ نہ ہم سیاسی حکومت ہیں اور نہ ہمارا سیاسی ایجنڈا ہے،سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے بات کرنے کے لیے ہماری مدد کی ضرورت نہیں، انتخابات تک نئے اتحاد بھی بنیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں