نئے سال کے دوسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح تیز، 21 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں

سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی44.2 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے-فوٹو فائل

اسلام آباد: نئے سال 2024ء کے دوسرے ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔
تفصیالت کے مطابق نئے سال کے دوسرے ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں1.36 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی44.2 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔اعداد و شمار میں بتایاگیاہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، چکن، انڈے، پیاز، ماچس اور دالوں سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں، جن میں ٹماٹرکی قیمت میں15.63 فیصد، چکن کی قیمت میں6.42 فیصد،انڈوں کی قیمت میں4.31فیصد، دال ماش کی قیمت میں0.83، دال چنا کی قیمت میں2.11 فیصد، پیاز کی قیمت میں8.94فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں2.29فیصد اور ماچس کی قیمت میں2.56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں5.92 فیصد، دال مونگ قیمت میں 0.06 فیصد، کھانے پکانے کے تیل کی قیمتوں میں 0.17 فیصد جبکہ ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں0.29 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمت میں0.26فیصد، لہسن کی قیمت میں0.13 فیصد اور چینی کی قیمتو میں0.43 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں