اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز: پاکستان کے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان

قومی فٹبال ٹیم کے 23 رکنی اسکواڈ میں تین گول کیپرز، آٹھ ڈیفنڈرز، سات مڈفیلڈرز اور پانچ فارورڈز شامل ہیں

اسکواڈ میں شامل کھلاڑی پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026ء میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے بہترین کھلاڑیوں میں سے منتخب کیے گئے ہیں

اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027ء کوالیفائرز 8 سے 20 نومبر 2026ء تک لاؤس میں کھیلا جائے گا

ہیڈ کوچ محمد حبیب کی زیرنگرانی قومی ٹیم گروپ ڈی میں ایران، اردن، میزبان لاؤس اور سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی

سپورٹس رپورٹر

اسلام آباد:(جاگیر نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027ء کے کوالیفائرز کے لیے 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027ء کوالیفائرز 8 سے 20 نومبر 2026ء تک لاؤس میں کھیلا جائے گا۔قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی حال ہی میں منعقدہ پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026ء میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے بہترین کھلاڑیوں میں سے منتخب کیے گئے ہیں۔ ملک بھر سے نوجوان فٹبالرز نے اس چیمپئن شپ میں شرکت کی اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔چیمپئن شپ نے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی ٹیم تک رسائی حاصل کرنے کا ایک مسابقتی اور میرٹ پر مبنی موقع فراہم کیا، جہاں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں نے قومی اسکواڈ میں جگہ بنائی۔ یہ انتخاب پی ایف ایف کے اس عزم کا عکاس ہے کہ ملک میں نوجوان فٹبالرز کی ترقی کے لیے ایک مؤثر راستہ تشکیل دیا جائے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے مواقع فراہم کیے گئے۔ ہیڈ کوچ محمد حبیب کی زیرنگرانی قومی ٹیم گروپ ڈی میں ایران، اردن، میزبان لاؤس اور سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔23 رکنی اسکواڈ میں تین گول کیپرز، آٹھ ڈیفنڈرز، سات مڈفیلڈرز اور پانچ فارورڈز شامل ہیں۔
گول کیپرز: سمر رضا ق، ولی اللہ، احسن اللہ۔ڈیفنڈرز: ندیم حسین، حمزہ خان، محمد حماد، سید منظر شاہ، مبشر شاہ، محمد اویس، حسنین علی، محسن امین۔مڈفیلڈرز: عبدالصمد، ارسلان فریدی، محمد خلیل اللہ، محمد عماد سرور، محمد انیس، باری داد، عیسیٰ خان۔فارورڈز: محمد رفیع، محمد موسیٰ، محمد شہزاد، حضرت عباس، حارث خان۔نوجوان شاہین اب اپنی ڈومیسٹک سطح کی کارکردگی کو براعظمی مقابلے میں دہرانے اور اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027ء میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہوں گے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں