12ویں وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چوہدری امیچور گولف کپ کا 19 نومبر سے آغاز ہو گا
ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی وقت کی اشد ضرورت ہے پاکستان نیوی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے
میڈیا ینگ ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کا بہترین ذریعہ ہے, نیوی کے ریئر ایڈمرل سہیل احمد عظمی کی میڈیا بریفنگ
رپورٹ :محمد اقبال ہارپر
لاہور( جاگیر نیوز)پاک بحریہ کے زیر اہتمام سالانہ کیلنڈر ایونٹ 12واں وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چوہدری امیچور گولف کپ 19 سے 22 نومبر ڈیفنس رایا گولف اینڈ کنٹری کلب میں منعقد ہوگا۔جس کے سنسنی خیز مقابلے ہر سال کی طرح اس بار بھی متوقع ہیں۔کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے نیوی وار کالج میں میڈیا کو ایونٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوۓ بتایا کہ 2011ء سے یہ ایونٹ کامیابی سے منعقد ہو رہا ہے، اس سال اس کا 12واں ایڈیشن ہے جس میں تقریبا 350 کے قریب کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں ۔مقابلے تین کیٹیگریز امیچور،سینئر اور لیڈیز کے ہوں گے۔امیچورز کیٹیگری میں ہینڈی کیپ 10 اور اس سے کم والے کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کا کھیل روزانہ 18 ہولز پر مشتمل ہوگا،جو تین دنوں میں کُل 54 ہولز مکمل کرے گا۔ لیڈیز کیٹیگری میں ہینڈی کیپ 24 اور اس سے کم والی گالفرز حصہ لیں گی اور ان کا مقابلہ 18 ہولز پر ہوگا۔ سینئر امیچورز، جن کا ہینڈی کیپ 14 یا اس سے کم ہے، دو روزہ مقابلے میں 36 ہولز کھیلیں گےریئر ایڈمرل سہیل احمد عظمی نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوۓ کہا کہ پاکستان نیوی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ملک کے نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا ہمارا مشن ہے تا کہ وہ منفی سرگرمیوں سے دور رہ سکیں۔پاکستان نیوی نہ صرف گولف بلکہ سیلنگ،اسکواش،ہاکی اور دیگر کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے کیلۓ بھرپور پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ینگ ٹیلنٹ کے حوالے سے پوچھے گۓ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہمیں گولف کے نۓ ٹیلنٹ کی تلاش رہتی ہےہمارے پاس جو بھی آیا ہم نے اس کو ویلکم کیا ہے نۓ ٹیلنٹ کی تلاش میں میڈیا سب سے مؤثر کردا ادا کرسکتا ہے میڈیا نۓ کھلاڑیوں کو متعارف کرواۓ ہم ان کو لاہور،کراچی اسلام آباد میں قائم اپنی اسپورٹس اکیڈمیوں میں ان کی بھرپور تربیت کریں گے کھیل کی بہترین اور جدید سہولیات کی فراہمی کے علاوہ ان کی مالی سپورٹ بھی کریں گے تا کہ وہ وطن عزیز کا ایک اثاثہ ثابت ہوں اور کھیل کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بہت کم ہو گئی ہیں جس کا اثر کھیل اور نۓ کھلاڑیوں کی تلاش پر بھی پڑا ہے۔ملک میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کا مکمل بحال ہونا بہت ضروری ہے تمام ڈیپارٹمنٹس کو اس پر بھرپور توجہ دینی ہو گی۔ایک کھلاڑی کو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جو سپورٹ حاصل ہوتی ہے وہ پائیدار ہوتی ہے جو اس کے کھیل اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں بہت معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسپانسر اداروں کی معاونت ایونٹس کے کامیاب انعقاد کیلۓ بہت ضروی ہے میں اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ ہمیشہ کھلیوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر میڈیا بریفنگ میں موجود اسپانسرز اداروں کے ذمہ داران نے کہا کہ ہم ہمیشہ کی طرح پاکستان نیوی کے زیر اہتمام ہونے والے ہر ایونٹ کو اسپانسر کرتے رہیں گے اور کھیلوں کے فروغ کیلۓ پاکستان نیوی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔میڈیا بریفنگ کے بعد پاکستان نیوی کی ترجمان لیفٹیننٹ نوال فاطمہ نے تمام میڈیا نمائندگان کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔

