پہلے ریاست ، بعد میں سیاست

تحریر:حمید علی

کسی بھی ریاست کا نظام اس وقت کمزور ہونا شروع ہو جاتا ہے جب اس کے سیاسی فریق ایک دوسرے کو حریف کے بجائے دشمن سمجھنے لگیں اور اختلاف رائے کو سیاسی عمل کا حصہ تسلیم کرنے کے بجائے اسے دبانے کی کوشش کی جائے۔ موجودہ حالات میں پاکستان کو کسی ایک جماعت یا شخصیت کی نہیں بل کہ ایک ایسے اجتماعی سیاسی شعور کی ضرورت ہے جو تمام فریقوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔حالیہ سیاسی منظرنامے میں مولانا فضل الرحمٰن کے سخت بیانات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگل کی پریس کانفرنس اور بعد ازاں جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو نے ایک مرتبہ پھر حکومتی اور سیاسی نظام کے اندر موجود اختلافات کو نمایاں کر دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ سیاسی بندوبست کے حوالے سے جو سوالات اٹھائے ہیں انہیں محض حزب اختلاف کی سیاسی تنقید سمجھ کر نظر انداز کرنا دانش مندی نہیں ہوگی۔ ان کا یہ مؤقف کہ نظام خود نہیں گرا بلکہ اسے گرایا گیا ہے اور عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں جبکہ تحریک انصاف ایک اہم سیاسی فریق ہے، دراصل اس بنیادی حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ پاکستان کی سیاست کو کسی ایک جماعت یا گروہ کی مرضی کے مطابق نہیں چلایا جا سکتا۔ سیاسی حقیقتوں کو تسلیم کیے بغیر استحکام کی عمارت تعمیر نہیں ہو سکتی۔پاکستان کی سیاست کا ایک بڑا المیہ یہ رہا ہے کہ ہر دور میں سیاسی قوتوں نے اقتدار کے حصول اور اسے برقرار رکھنے کے لیے ایک دوسرے کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ کبھی سیاسی جماعتوں کے درمیان محاذ آرائی نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا اور کبھی سیاسی معاملات میں غیر سیاسی قوتوں کی مداخلت نے اداروں اور پارلیمان کے درمیان اعتماد کا بحران پیدا کیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہیں مگر نظام کے بنیادی مسائل اپنی جگہ موجود رہے۔ آج بھی سیاسی عدم اعتماد، معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کے درمیان حکومت اور حزب اختلاف ایک دوسرے کے خلاف صف آرا دکھائی دیتے ہیں۔ ایسے ماحول میں عوام کی مشکلات سیاسی بحثوں کے شور میں کہیں دب کر رہ جاتی ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی حیثیت اور ان کے تحفظات کو بھی اسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ وہ ایک تجربہ کار سیاسی راہ نما ہیں اور ملک کی پارلیمانی سیاست میں ان کا ایک نمایاں مقام ہے۔ ان کے مؤقف سے اختلاف کیا جا سکتا ہے مگر انہیں سیاسی مکالمے سے باہر رکھ کر قومی اتفاق رائے پیدا نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جس کی عوامی حمایت اور سیاسی وجود کو نظر انداز کرنا بھی مسائل کا حل نہیں۔ عمران خان اور ان کی جماعت کے ساتھ سیاسی معاملات کا فیصلہ سیاسی مکالمے اور آئینی راستوں سے ہونا چاہیے۔ سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی حکمت عملی ماضی میں بھی کامیاب نہیں ہوئی اور مستقبل میں بھی اس سے پائیدار نتائج کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
یہاں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ذمہ داری بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ دونوں جماعتیں وفاقی سیاست کا طویل تجربہ رکھتی ہیں اور ماضی میں ایک دوسرے کی شدید مخالف ہونے کے باوجود جمہوری عمل کے تحفظ کے لیے تعاون بھی کرتی رہی ہیں۔ موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومتی نظام پر اٹھائے جانے والے سوالات کو سیاسی دراڑ کے طور پر دیکھنے کے بجائے اصلاح کا موقع سمجھنا چاہیے۔ اسی طرح مسلم لیگ ن کو بھی یہ احساس کرنا ہوگا کہ اتحادی حکومت محض عددی اکثریت کا نام نہیں ہوتی۔ اتحادیوں کے تحفظات سننا اور انہیں فیصلہ سازی میں مناسب جگہ دینا سیاسی ذمہ داری کا تقاضا ہے۔ کسی ایک جماعت کی سیاسی برتری قومی مفاد سے بڑی نہیں ہو سکتی۔اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ایک مرتبہ پھر کسی نئے سیاسی تجربے کی طرف بڑھ رہا ہے یا موجودہ نظام میں اصلاح کی گنجائش تلاش کی جا رہی ہے؟ اگر نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات ہو رہی ہے تو اس کا مطلب کسی فرد یا جماعت کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانا نہیں ہونا چاہیے۔ حقیقی سیاسی ری سیٹ کا راستہ پارلیمان سے نکلتا ہے۔ پارلیمان ہی وہ آئینی فورم ہے جہاں تمام منتخب سیاسی قوتیں بیٹھ کر انتخابی اصلاحات، پارلیمانی خود مختاری، اداروں کے اختیارات کی حدود، عدالتی نظام اور وفاقی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کر سکتی ہیں۔ کسی بھی اصلاحاتی عمل کو تمام فریقوں کی مشاورت اور آئینی بالادستی سے مشروط ہونا چاہیے۔اس سارے عمل میں ریاستی اداروں کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔ پاکستان کو مضبوط فوج، مؤثر عدلیہ، خود مختار پارلیمان اور جواب دہ انتظامیہ کی ضرورت ہے۔ مگر ہر ادارے کی مضبوطی اسی وقت ممکن ہے جب وہ اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کرے۔ ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کے درمیان اعتماد کی بحالی قومی سلامتی اور داخلی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ سیاسی معاملات کا حل سیاسی قیادت کو تلاش کرنا چاہیے اور اداروں کو آئین کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہییں۔پاکستان کو اس وقت مزید سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ سیاسی مفاہمت کی ضرورت ہے۔ اس مفاہمت کا مطلب یہ نہیں کہ سیاسی جماعتیں اپنے نظریات اور اختلافات سے دست بردار ہو جائیں۔ جمہوریت میں اختلاف رائے ہی سیاسی عمل کی روح ہے۔ تاہم اختلاف کو دشمنی میں تبدیل ہونے سے روکنا قیادت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کو اپنے طرز حکمرانی میں وسعت پیدا کرنا ہوگی اور حزب اختلاف کو بھی قومی مفاد کے معاملات میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کی مضبوطی کسی ایک سیاسی جماعت کی کامیابی میں نہیں بلکہ سب کو ساتھ لے کر چلنے میں ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو سیاسی بحران کو قومی اتفاق رائے میں اور بے یقینی کو پائیدار استحکام میں تبدیل کر سکتا ہے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں