آن اسکرین مارکنگ سسٹم کا آغاز، راولپنڈی بورڈ جدید ڈیجیٹل امتحانی نظام کی جانب گامزن
پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کی جانب سے امتحانی اصلاحات کے تسلسل میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے
کنٹرولر امتحانات مبشر سعید کے مختلف امتحانی مراکز کے دورے، انتظامات اور ایس او پیز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
راولپنڈی(جاگیر نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرِ اہتمام انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحانات 2026ء کے سلسلے میں پارٹ اوّل کے مضمون کمپیوٹر سائنس کا پرچہ آن اسکرین مارکنگ سسٹم کے تحت لیا گیا۔ یہ اقدام پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کی جانب سے بورڈ میں جدید ڈیجیٹل امتحانی نظام کے نفاذ اور امتحانی اصلاحات کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
آن اسکرین مارکنگ سسٹم کے تحت طلبہ کی جوابی کاپیوں کی جانچ جدید ڈیجیٹل طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی، جس سے جانچ کے عمل میں شفافیت، میرٹ، معیار اور یکسانیت کو فروغ ملے گا۔ اس نظام کے ذریعے جوابی کاپیوں کی جانچ کو ٹیکنالوجی سے منسلک کرتے ہوئے انسانی مداخلت اور روایتی طریقہ کار پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ امتحانی نتائج کی تیاری کے عمل کو مزید مؤثر،منظم اور قابلِ اعتماد بنانے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔کنٹرولر امتحانات مبشر سعید نے کمپیوٹر سائنس کے پرچے کے انعقاد کے موقع پر مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کی تعیناتی، طلبہ کے لیے سہولیات، امتحانی ماحول اور مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے انعقاد میں نظم و ضبط، شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام ذمہ داریاں مقررہ ضابطہ کار کے مطابق انجام دی جائیں۔ انہوں نے امتحانی عملے کی کارکردگی اور انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ طلبہ کو سازگار اور پُرامن امتحانی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ امتحانی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔ واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحانات 2026ء کے تحت پارٹ اوّل کا کمپیوٹر سائنس کا پرچہ تمام امتحانی مراکز میں آن اسکرین مارکنگ کے تحت لیا گیا۔ امتحانی عمل مقررہ ایس او پیز کے مطابق پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ راولپنڈی بورڈ میں آن اسکرین مارکنگ سسٹم کا عملی آغاز امتحانی اصلاحات کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے امتحانی جوابی کاپیوں کی جانچ کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرتے ہوئے ایک ایسے امتحانی ڈھانچے کی بنیاد رکھی جا رہی ہے جو شفافیت، میرٹ، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ معیار کا آئینہ دار ہوگا۔


