قاضی فاؤنڈیشن مینز ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد لیگ ون کا آغاز اتوار سے ہوگا
پی ٹی ایف دو مینز فیوچرز ٹورنامنٹس منعقد کر رہی ہے،پہلے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم15 ہزار ڈالر دوسرے ٹورنامنٹ میں انعامی رقم بڑھا کر 25 ہزار امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، عاصم الحق قریشی
یہ پاکستان کی ٹینس تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا کوالیفائنگ ڈرا ہے، چیمپئن شپ میں پاکستان کے 24 کھلاڑی اور 32 ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 65 غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کر رہے ہیں
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)قاضی فاؤنڈیشن 15,000 امریکی ڈالر انعامی رقم پر مشتمل مینز ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز اتوار 29 نومبر 2026ء کو پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو، اسلام آباد میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈز کل سے شروع ہوں گے، جن میں 64 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ پاکستان کی ٹینس تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا کوالیفائنگ ڈرا ہے، جو ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس بین الاقوامی پروفیشنل ٹینس ایونٹ میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے کھلاڑی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔اس چیمپئن شپ میں پاکستان کے مجموعی طور پر 24 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں ملک کے نامور کھلاڑی عقیل خان، محمد شعیب، مزمل مرتضیٰ، برکت اللہ، یوسف خلیل، احمد نائل قریشی، ابوبکر طلحہ، نادر مرزا، حمزہ رومان اور عامر مزاری سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔اس کے علاوہ 32 ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 65 غیر ملکی کھلاڑی بھی اس چیمپئن شپ میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان ممالک میں ترکی، جمہوریہ چیک، سعودی عرب، ایسٹونیا،سربیا، روس، کویت،پولینڈ، ازبکستان، آئرلینڈ، برطانیہ، ملائیشیا، زمبابوے، اردن، نیپال، کینیڈا، یونان، کروشیا، قازقستان، امریکہ، ہانگ کانگ، فرانس، جاپان، چین، گھانا، شام، لبنان، جرمنی، برازیل، آسٹریلیا، اٹلی اور ایران شامل ہیں۔اس چیمپئن شپ کے ٹائٹل اسپانسر قاضی فاؤنڈیشن ہیں۔ قاضی فاؤنڈیشن ایک نجی فلاحی ادارہ ہے جو تعلیم تک رسائی کو وسعت دینے اور آنے والی نسلوں کے لیے دیرپا مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ گزشتہ 24 سال سے یہ فاؤنڈیشن پاکستان میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کی تعلیم، تعلیمی معاونت اور نوجوانوں کی ترقی کے مختلف منصوبوں میں شراکت داری اور فلاحی معاونت کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر عاصم الحق قریشی نے تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان میں پروفیشنل ٹینس کے فروغ اور ترقی کے لیے فیڈریشن کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو کامیاب ویمنز فیوچرز ٹورنامنٹس، بلی جین کنگ کپ اور چار ورلڈ ٹینس جونیئر ٹورنامنٹس کے کامیاب انعقاد کے بعد پی ٹی ایف اب اسلام آباد میں مسلسل دو مینز فیوچرز ٹورنامنٹس منعقد کر رہی ہے۔ پہلے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 15,000 امریکی ڈالر ہے، جبکہ دوسرے ٹورنامنٹ میں انعامی رقم بڑھا کر 25,000 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔
جناب قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی پروفیشنل ٹینس ٹورنامنٹس کا انعقاد قومی کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے ہی ملک میں مقابلہ کرنے سے پاکستانی کھلاڑیوں کو قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوتا ہے، عالمی رینکنگ بہتر بنانے اور اپنے پروفیشنل کیریئر کو آگے بڑھانے کے مواقع ملتے ہیں، جبکہ بیرونِ ملک سفر کرنے کے اضافی مالی اخراجات سے بھی بچت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے ایک محفوظ، پُرامن، مہمان نواز اور پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ عاصم الحق قریشی نے ٹورنامنٹ کے ٹائٹل اسپانسر قاضی فاؤنڈیشن کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی فراخدلانہ معاونت اور قیمتی تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی شراکت داریاں پاکستان میں پروفیشنل ٹینس کے فروغ اور قومی کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل (ریٹائرڈ) نے بھی تمام شریک کھلاڑیوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں ٹورنامنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے کامیاب اور خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فیڈریشن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو ایک پیشہ ورانہ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا۔


