اسرائیلی فوج غزہ کے 94 ہسپتالوں، 76 ایمبولینسزپر294 حملے کرچکی ہے،عالمی ادارہ صحت

جینیوا: عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ پر حملوں کے آغاز سے اسرائیل کی مسلح فوج اب تک ، 94 ہسپتالوں اور 76 ایمبولینسوں پر 294 حملے کر چکی ہیں اور ان حملوں کے نتیجے میں تقریباً 600 افراد شہید ہوئے ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 22 دسمبر کو کئے گئے غزہ میں امدادی کارروائیوں کے لئے رسائی دینے سے متعلق فیصلے بارے پہلی رپورٹ سلامتی کونسل کو پیش کر دی گئی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس رپورٹ میں کہا ہے کہ جنگ سے متاثر غزہ کے مکینوں کی امدادتک رسائی کے لئے جنگ کا بند ہونا ضروری ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی مسلح افواج نےغزہ کے گنجان آباد حصّوں میں وسیع علاقے کو متاثر کرنے والا تباہ کن اسلحہ استعمال کیا ہے جس کے باعث علاقے کے 60 فیصد سے زیادہ رہائشی مکانات یا تو متاثر ہوئے ہیں یا پھر مسمار ہو چکے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی مہاجر ایجنسی برائے فلسطین یواین آر ڈبلیو اے کے تمام جنگی فریقین کوغزہ میں اپنی تنصیبات سے متعلقہ معلومات سے آگاہ کرنے کے باوجود ایجنسی کی 125 عمارتوں پر 193 حملے کئے گئے ہیں، ان تنصیبات میں پناہ لینے والے 308 فلسطینی شہید ہوئے اور 1095 زخمی ہو ئے ہیں۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی طرف سے سات اکتوبر کو شروع کی گئی جنگ آج چوتھے مہینے میں داخل ہوگئی ہے اور اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کے تعداد 22 ہزار سے زائد ہو چکی ہے ، شہید اور زخمی فلسطینیوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں