اسلامی جمعیت طالبات کا سفرِ عزم و کردار سازی، نسلِ نو کی فکری بیداری اور اسلامی انقلاب کی نوید ہے، ثمینہ سعید
یہ جدوجہد محض ایک تنظیمی سرگرمی نہیں بلکہ نئی نسل کی فکری تعمیر، اخلاقی استحکام اور ایک باکردار معاشرے کی تشکیل کی کوشش ہے،آج کی طالبہ مستقبل کی ماں، معلمہ، محققہ، قائد اور معاشرے کی مؤثر رکن ہے
طالبات کی تربیت، اصلاحِ افکار اور حقوق کی جدوجہد میں اسلامی جمعیت طالبات کا کردار قابلِ تحسین ہے، قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان
رپورٹر:عبدالمالک
اسلام آباد(جاگیرنیوز ): قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کے یومِ تاسیس کے موقع پر جمعیت کی تمام ذمہ داران، کارکنان اور طالبات کو دلی مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طالبات ہماری بیٹیوں اور بہنوں کی فکری بیداری، اخلاقی تربیت، کردار سازی اور تعلیمی و معاشرتی مسائل کے حل کے لیے ایک قابلِ قدر جدوجہد کا نام ہے۔ اس کے سفرِ عزم و عمل نے طالبات میں دین سے وابستگی، علم کی جستجو اور معاشرے کی اصلاح کا جذبہ اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طالبات نے طالبات کی تربیت و اصلاحِ افکار، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اپنے حقوق و مسائل کے لیے آواز بلند کرنے کا شعور دینے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ یہ جدوجہد محض ایک تنظیمی سرگرمی نہیں بلکہ نئی نسل کی فکری تعمیر، اخلاقی استحکام اور ایک باکردار معاشرے کی تشکیل کی کوشش ہے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ آج کی طالبہ مستقبل کی ماں، معلمہ، محققہ، قائد اور معاشرے کی مؤثر رکن ہے۔ اس کی تعلیم، عزت، تحفظ، کردار اور فکری نشوونما دراصل پاکستان کے مستقبل کی تعمیر سے جڑی ہوئی ہے۔ اسلامی جمعیت طالبات نے طالبات کو درپیش تعلیمی رکاوٹوں، معاشرتی مسائل اور خواتین کے حقوق سے متعلق امور پر شعور بیدار کرنے اور مثبت کردار ادا کرنے کی روایت کو آگے بڑھایا ہے۔انہوں نے جمعیت کی کارکنان اور ذمہ داران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود اپنے مقصد سے وابستگی، مسلسل محنت، نظم و ضبط اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھنا ہی کامیابی کی بنیاد ہے۔ طالبات کو چاہیے کہ وہ علم و عمل، تقویٰ، تحقیق، خدمت اور قیادت کی صلاحیتوں سے خود کو آراستہ کریں اور اپنے اردگرد موجود مسائل کے حل میں تعمیری کردار ادا کریں۔




