صحافیوں کو دھمکیوں، تشدد، ہراسانی اور قتل جیسے سنگین جرائم سے محفوظ رکھنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،بلاول
صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کا قانون کی گرفت سے بچ نکلنا آزادیٔ صحافت، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے سنگین خطرہ ہے
صحافیوں کے خلاف جرائم پر خاموشی یا مجرموں کو سزا سے بچنے دینا درحقیقت سچ، انصاف اور عوام کے حقِ آگاہی کو خاموش کرنے کے مترادف ہے،صحافیوں کےعالمی دن پر پیغام
صحافی عوام تک حقائق پہنچانے، طاقت کے ایوانوں کا احتساب کرنے اور معاشرے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، پی پی پی چیئرمین
اسلام آباد: (جاگیر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صحافیوں کو دھمکیوں، تشدد، ہراسانی اور قتل جیسے سنگین جرائم سے محفوظ رکھنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافیوں کے خلاف جرائم پر خاموشی یا مجرموں کو سزا سے بچنے دینا درحقیقت سچ، انصاف اور عوام کے حقِ آگاہی کو خاموش کرنے کے مترادف ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ صحافی عوام تک حقائق پہنچانے، طاقت کے ایوانوں کا احتساب کرنے اور معاشرے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کا قانون کی گرفت سے بچ نکلنا آزادیٔ صحافت، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1973 کا متفقہ آئین ہر شہری کو آزادیٔ اظہار کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے، اور اس حق کا تحفظ ایک جمہوری ریاست کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے پہلے دورِ حکومت میں آمر ضیاء الحق کے دور کے ان سیاہ قوانین کا خاتمہ کیا تھا جو آزادیٔ صحافت کو دبانے اور پریس کی آواز خاموش کرنے کے لیے استعمال ہوتے رہے۔ یہ تاریخی اقدام اس عزم کا اظہار تھا کہ جمہوریت میں اختلافِ رائے اور آزاد صحافت کے لیے جگہ ناگزیر ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادیٔ صحافت، آزادیٔ اظہار اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، کیونکہ آزاد صحافت کے بغیر نہ جمہوریت مضبوط ہو سکتی ہے اور نہ ہی عوام کو باخبر اور بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔




