چولہا جلے تو کیسے؟
تحریر:حمید علی
مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان عوام کے لیے زندگی کا پہیہ چلانا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ بجلی کے بھاری بل، اشیائے ضروریہ کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں اور روزگار کے محدود مواقع عام آدمی کی کمر توڑ چکے ہیں۔ ایسے میں گھروں کے چولہے جلانے کے لیے استعمال ہونے والی گیس بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ قدرتی گیس کی قلت نے پہلے ہی گھریلو زندگی کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے اور اب ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ ایک نئے بحران کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ سردیوں کا باقاعدہ آغاز بھی نہیں ہوا اور عوام کو گیس کی دستیابی کے ساتھ اس کی قیمت کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ آخر اس ملک کا عام شہری اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے کب تک معاشی آزمائشوں سے گزرتا رہے گا؟
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے 7 پیسے فی کلو مقرر کی ہے۔ گزشتہ نرخ کے مقابلے میں 14 روپے 73 پیسے کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ لیکن حیرت اس بات پر ہے کہ سرکاری نرخ اور بازار میں وصول کی جانے والی قیمت کے درمیان زمین آسمان کا فرق کیوں ہے۔ کراچی میں ایل پی جی 530 سے 570 روپے فی کلو فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لاہور اور ملتان میں قیمت 600 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ پشاور میں 600 سے 650 روپے جبکہ کوئٹہ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں 700 روپے فی کلو تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ سرگودھا میں بھی صارفین 610 سے 650 روپے ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ سوال یہ نہیں کہ قیمتوں میں اضافہ کیوں ہوا۔ اصل سوال یہ ہے کہ جب ایک سرکاری ریگولیٹری ادارہ نرخ مقرر کر چکا ہے تو بازار میں اس سے دوگنی قیمت وصول کرنے والوں کو روکنے والا کون ہے؟
بارہ کلو کا ایک گھریلو سلنڈر ساڑھے چھ سے سات ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ذرا ان گھرانوں کا تصور کیجیے جن کی ماہانہ آمدنی پہلے ہی بجلی کے بلوں اور راشن کی خریداری میں ختم ہو جاتی ہے۔ ان کے لیے ایک سلنڈر خریدنا بھی کسی بڑے مالی بوجھ سے کم نہیں۔ ایک مزدور، ایک تنخواہ دار ملازم اور محدود آمدنی رکھنے والا خاندان آخر اپنی ضروریات میں کس چیز کو ترجیح دے؟ بچوں کی تعلیم، گھر کا راشن یا چولہے کی آگ؟ کیا اب کھانا پکانا بھی ایک ایسی آسائش بنتا جا رہا ہے جسے صرف صاحبِ استطاعت طبقہ ہی برداشت کر سکے؟ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اسے کاروباری عناصر کی من مانی کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔اس صورت حال کے پیچھے سپلائی چین کے مسائل، ٹرانسپورٹ کے اخراجات، ڈیلرز اور تقسیم کاروں کے درمیان اختلافات اور بعض علاقوں میں احتجاج و ہڑتالوں کے باعث رسد میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پلانٹ گیٹ سے لے کر مقامی دکان تک مختلف مراحل میں قیمت بڑھنے کے عوامل موجود ہیں۔ کہیں درمیانی منڈی کا کردار زیرِ سوال ہے تو کہیں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خدشات سامنے آتے ہیں۔ لیکن ان تمام عوامل کی نگرانی اور تحقیقات کس ادارے کی ذمہ داری ہیں؟ کیا کسی نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ایل پی جی صارف تک پہنچتے پہنچتے سرکاری نرخ سے اتنی مہنگی کیسے ہو جاتی ہے؟ اگر رسد میں رکاوٹ ہے تو اس کا مستقل حل تلاش کرنا حکومت کا کام ہے۔ عوام کو ہر مرتبہ کسی نئے بحران کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا انتظامی کارکردگی نہیں کہلا سکتا۔قدرتی گیس کی قلت نے ایل پی جی کو لاکھوں گھرانوں کے لیے ناگزیر بنا دیا ہے۔ سردیوں میں جب پائپ لائنوں میں گیس کا دباؤ کم ہوتا ہے تو متبادل ایندھن کی طلب بڑھ جاتی ہے۔ اس موسمی ضرورت سے آگاہی حکومت کو ہر سال پہلے سے ہوتی ہے۔ پھر رسد کی منصوبہ بندی، ذخائر کی دستیابی اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے بروقت اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے؟ کیا متعلقہ ادارے ہر سال سردیوں کی آمد کے بعد ہی حرکت میں آئیں گے؟ عوام کو یہ سمجھانے کے بجائے کہ طلب بڑھ گئی ہے اور رسد کم ہو گئی ہے، حکومت کو ایسے انتظامات کرنے چاہییں جن سے کسی بھی طبقے کو مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتیں بڑھانے کا موقع نہ مل سکے۔حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی نیلامی اور تقسیم کے نظام میں بہتری کے لیے نئے طریقہ کار کی منظوری ایک قابلِ توجہ پیش رفت ہے۔ اس کے تحت مقامی پیداوار کا ایک حصہ سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کرنے اور شفاف نیلامی کے ذریعے فراہمی کو منظم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ تاہم کسی بھی پالیسی کی کامیابی کا پیمانہ اس کا اعلان نہیں بل کہ اس کے نتائج ہوتے ہیں۔ اگر پلانٹ سے صارف کے گھر تک قیمتوں کا مؤثر نظام قائم نہیں کیا جاتا تو اصلاحات کے یہ اقدامات بھی محض کاغذی کارروائی بن کر رہ جائیں گے۔ عوام کو پالیسی دستاویزات نہیں بل کہ مناسب قیمت پر دستیاب گیس چاہیے۔ اس مقصد کے لیے اوگرا، وزارت پٹرولیم اور ضلعی انتظامیہ کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہو گا۔اوگرا سے سوال ہے کہ سرکاری قیمت مقرر کرنے کے بعد اس پر عمل درآمد کی نگرانی کا نظام کہاں ہے؟ کیا متعلقہ حکام بازاروں میں جا کر قیمتوں کی جانچ نہیں کر سکتے؟ کیا ایل پی جی فروخت کرنے والے مراکز پر سرکاری نرخ نمایاں طور پر آویزاں نہیں کروائے جا سکتے؟ ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف جرمانے، قانونی کارروائی اور لائسنس کی منسوخی جیسے اقدامات کیوں نظر نہیں آتے؟ ذمہ دار اداروں کو یہ سمجھنا ہو گا کہ ان کی ذمہ داری صرف تنخواہیں وصول کرنا، عہدوں پر فائز رہنا اور سرکاری مراعات سے مستفید ہونا نہیں ہے۔ عوام کے ٹیکس سے قائم ہونے والے اداروں کا اصل جواز عوام کے حقوق کا تحفظ اور قانون کی عمل داری یقینی بنانا ہے۔ اگر ایک عام شہری کو اپنے ہی ملک میں سرکاری نرخ پر بنیادی ضرورت کی چیز دستیاب نہیں تو ان اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھنا فطری ہے۔یہ معاملہ محض ایل پی جی کی قیمت کا نہیں بل کہ ریاستی ذمہ داری، انتظامی نگرانی اور عوامی حقوق کا ہے۔ حکومت کو فوری طور پر قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ مقررہ نرخ پر گیس کی فراہمی محض اعلان نہ رہے۔ آخر کب تک عوام اپنی محدود آمدنی میں ہر نئے بحران کا بوجھ اٹھاتے رہیں گے؟ جب قدرتی گیس دستیاب نہیں اور متبادل ایندھن بھی قوتِ خرید سے باہر ہو جائے تو ایک عام گھرانہ اپنے چولہے کی آگ کیسے روشن رکھے؟ اوگرا اور متعلقہ حکومتی اداروں کو اس سوال کا جواب دینا ہو گا۔ ریاست کا کام صرف نرخ مقرر کرنا نہیں بل کہ عوام کو ان نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانا بھی ہے۔ اگر یہ ذمہ داری بھی پوری نہیں ہو سکتی تو پھر عوام انصاف اور ریلیف کی امید کس سے وابستہ کریں؟



