امریکی مواصلاتی نظام میں خلل

تحریر:حمید علی

جدید دنیا میں ترقی کا تصور محض بلند و بالا عمارتوں اور تیز رفتار ذرائع آمدورفت تک محدود نہیں رہا بلکہ اب کسی ملک کی اصل ترقی کا اندازہ اس کے مواصلاتی نظام اور تکنیکی انفراسٹرکچر کی مضبوطی سے بھی لگایا جاتا ہے۔ آج کا انسان چند لمحوں میں ہزاروں میل کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہوائی جہازوں نے دنیا کے فاصلے سمیٹ دیئے ہیں اور فضائی سفر عالمی معیشت اور بین الاقوامی روابط کا ایک بنیادی ستون بن چکا ہے۔ تاہم ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں اگر کسی ملک کا فضائی نظام محض ایک تکنیکی خرابی کے باعث مفلوج ہو جائے تو یہ واقعہ ترقی کے دعووں اور نظام کی حقیقی مضبوطی کے درمیان موجود فاصلے کو نمایاں کر دیتا ہے۔ امریکہ میں ہزاروں پروازوں کی منسوخی کا حالیہ واقعہ اسی حقیقت کی ایک اہم مثال ہے۔امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق امریکہ بھر میں ہزاروں پروازوں کی منسوخی کی بنیادی وجہ ہوائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں پیدا ہونے والی خرابی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ تانبے کی تاروں پر مشتمل مواصلاتی نظام کی اپ گریڈیشن کے بعد سامنے آیا۔ حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا اپ گریڈیشن کا کام کرنے والی کمپنی کی مبینہ نااہلی اس خرابی کا سبب بنی یا پھر استعمال ہونے والے آلات میں کسی تکنیکی نقص کے باعث نظام متاثر ہوا۔امریکی حکام نے ابتدائی طور پر سائبر حملے کے امکان کو مسترد کیا ہے تاہم تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
جمعہ کے روز پیش آنے والے اس واقعے نے امریکہ کے مختلف ہوائی اڈوں پر غیر معمولی صورت حال پیدا کر دی۔ فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خلل کے باعث گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کرنا پڑا اور پروازوں کی آمد و رفت چار گھنٹے سے زائد عرصے تک شدید متاثر رہی۔ اس دوران ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی کی کاروباری مصروفیات متاثر ہوئیں تو کسی کا اہم اجلاس اور کسی کی طویل عرصے سے طے شدہ ملاقات ملتوی ہو گئی۔ اگرچہ تقریباً چار گھنٹے بعد فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا مگر اس مختصر دورانیے کے تعطل نے ایک بڑے سوال کو جنم دے دیا کہ دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی اور وسائل رکھنے والا ملک اپنے بنیادی فضائی مواصلاتی نظام میں ایسی خرابی سے کیوں دوچار ہوا؟۔فضائی سفر محض ایک جہاز کے اڑنے اور منزل پر پہنچنے کا نام نہیں ہے۔ اس کے پیچھے ایک انتہائی پیچیدہ نظام کام کرتا ہے جس میں پائلٹوں اور ہوائی ٹریفک کنٹرولرز کے درمیان رابطہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ہوائی اڈوں پر جہازوں کی روانگی اور آمد کے اوقات مقرر کرنا۔ فضائی راستوں کی نگرانی کرنا۔ مختلف بلندیوں پر پرواز کرنے والے طیاروں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا اور ہنگامی صورت حال میں فوری ہدایات دینا اسی نظام کی ذمہ داری ہے۔ اس پورے عمل میں معمولی سی کوتاہی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں تسلسل اور قابلِ اعتماد رابطے کو بنیادی شرط سمجھا جاتا ہے۔اس واقعے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی طرف پیش قدمی کے دوران پرانے نظام کو تبدیل کرنا جتنا ضروری ہے اتنا ہی ضروری یہ بھی ہے کہ تبدیلی کے عمل کو محفوظ اور منظم بنایا جائے۔ کسی بھی حساس نظام کی اپ گریڈیشن محض نئے آلات نصب کرنے یا پرانی تاروں کو تبدیل کرنے کا نام نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے جامع منصوبہ بندی، مرحلہ وار جانچ، متبادل نظام اور ہنگامی انتظامات بھی ناگزیر ہوتے ہیں۔ اگر کوئی ادارہ جدید سہولتوں کے حصول میں جلد بازی کرے اور بنیادی حفاظتی تقاضوں کو نظر انداز کر دے تو بہتری کے لیے اٹھایا جانے والا قدم خود ایک نئے بحران کا سبب بن سکتا ہے۔امریکی حکومت کی جانب سے کمپنی کی ممکنہ نااہلی اور آلات کی خرابی، دونوں پہلوؤں کی تحقیقات اس لیے اہم ہیں کہ جدید انفراسٹرکچر کی ذمہ داری صرف حکومت پر عائد نہیں ہوتی۔ نجی کمپنیوں اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے۔ اگر کسی کمپنی کو قومی اہمیت کے حامل نظام کی اپ گریڈیشن کا کام سونپا جاتا ہے تو اس کی فنی صلاحیت، تجربے اور حفاظتی معیار کی جانچ ضروری ہے۔ اسی طرح حکومتی اداروں کو بھی نگرانی کا ایسا مؤثر نظام قائم کرنا چاہیے جس میں کسی تکنیکی تبدیلی کے بعد مکمل اطمینان کے بغیر حساس نظام کو معمول کے مطابق چلانے کی اجازت نہ دی جائے۔یہ واقعہ سائبر سکیورٹی کے حوالے سے بھی توجہ طلب ہے۔ اگرچہ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ نے ابتدائی طور پر سائبر حملے کے امکان کو مسترد کیا ہے لیکن موجودہ دور میں قومی سلامتی کا تصور صرف سرحدوں کے دفاع تک محدود نہیں رہا۔ مواصلاتی نیٹ ورک، توانائی کے نظام، ہوائی اڈے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بھی قومی سلامتی کا حصہ ہیں۔ کسی ملک کے حساس نظام میں معمولی تکنیکی خلل بھی معاشی سرگرمیوں اور عوامی زندگی کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس لیے سائبر حملوں سے تحفظ کے ساتھ ساتھ تکنیکی خرابیوں سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کے لیے اس واقعے میں ایک اہم سبق موجود ہے۔ ہمارے ہاں بھی فضائی سفر اور ہوائی اڈوں کے انتظامی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ جدید آلات کی تنصیب کے ساتھ ان کی باقاعدہ جانچ، تکنیکی عملے کی تربیت، متبادل مواصلاتی نظام اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ کسی بھی ملک کے لیے یہ کافی نہیں کہ اس کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود ہو بلکہ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ وہ ٹیکنالوجی مشکل ترین حالات میں کتنی قابلِ اعتماد ثابت ہوتی ہے۔امریکہ میں پروازوں کا تعطل بظاہر چند گھنٹوں کا واقعہ تھا مگر اس نے ایک بڑے سوال کی طرف توجہ دلائی ہے۔ کیا جدید دنیا اپنے تکنیکی نظاموں کو اتنا مضبوط بنا چکی ہے کہ وہ کسی غیر متوقع خرابی کا مقابلہ کر سکیں؟ ترقی کا اصل معیار صرف رفتار نہیں بلکہ تحفظ اور تسلسل بھی ہے۔ آسمانوں میں پرواز کرنے والے جہازوں کی حفاظت، زمین پر موجود ان نظاموں کے درست کام کرنے سے مشروط ہے جنھیں اکثر عام انسان دیکھ بھی نہیں پاتا۔ اس لیے ضروری ہے کہ جدیدیت کی دوڑ میں رفتار کے ساتھ احتیاط کو بھی اہمیت دی جائے کیوں کہ فضائی سفر میں چند لمحوں کی تکنیکی ناکامی بھی ہزاروں انسانوں کی زندگیوں اور اعتماد کو متاثر کر سکتی ہے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں