ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قوتوں کو مشترکہ جمہوری لائحہ عمل اختیار کر ناہوگا، بلاول بھٹو
پارلیمان کو مضبوط، میڈیا کو آزاد، الیکشن کمیشن کو قابلِ اعتماد اور نظامِ احتساب کو غیر جانب دار بنانا ہوگا، عدلیہ کو بھی سیاسی اتفاقِ رائے کے ذریعے مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، کراچی پریس کلب میں خطاب
کراچی (جاگیر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو درپیش موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں پر مشترکہ جمہوری لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان کو مضبوط، میڈیا کو آزاد، الیکشن کمیشن کو قابلِ اعتماد اور نظامِ احتساب کو غیر جانب دار بنانا ہوگا، جبکہ عدلیہ کو بھی وسیع تر سیاسی اتفاقِ رائے کے ذریعے مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سسٹم کولیپس اچانک نہیں ہوا بلکہ اسے گرایا گیا، آج ہر ادارہ عوام کا اعتماد کھو چکا ہے، جس کی بحالی کے لیے ایک جامع سیاسی ری سیٹ ناگزیر ہے۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر آئندہ انتخابات پر اعتماد ممکن نہیں، اپوزیشن سے چھینی مخصوص نشستیں واپس دینے پر بھی غور کیا جائے۔ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب اور بعد ازاں ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں شاید آج میڈیا اور صحافی اتنے کمزور نہیں رہے جتنے موجودہ حالات میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کے بغیر کسی بھی معاشرے میں حقیقی جمہوری مکالمہ، اختلافِ رائے اور عوامی مسائل پر آزادانہ بحث ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی صحافی کو سچ بولنے یا عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے سے پہلے یہ سوچنا پڑے کہ اس کے خلاف پیکا، ایکٹا یا دیگر قوانین کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے تو میڈیا اپنا بنیادی کردار ادا نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کراچی پریس کلب اور ملک بھر کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ میڈیا کی آزادی، صحافیوں کے تحفظ اور درپیش قانونی و پیشہ ورانہ مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز مرتب کرکے پیپلز پارٹی کے سامنے رکھیں۔ پیپلز پارٹی ان معاملات پر پارلیمان کے اندر ان کی آواز بنے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں مختلف مشکل ادوار آئے ہیں، تاہم موجودہ معاشی حالات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جس رفتار سے بڑھ رہی ہیں، اس کے پیش نظر انہیں خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں عوام کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سیاست دان عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی اور نفرت و تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سسٹم کولیپس ہونے کی بات تو کی جا رہی ہے، لیکن اس بنیادی سوال پر سنجیدہ بحث نہیں ہو رہی کہ نظام اس مقام تک کیوں پہنچا اور اس کی ناکامی کی اصل وجوہات کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام اچانک خودبخود نہیں گرا بلکہ اسے گرایا گیا ہے۔ انہوں کہا کہ اس صورت حال کو درست کرنے کے لیے ری سیٹ ناگزیر ہے، تاہم یہ غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے، کیونکہ سیاست دان عوام کے نمائندے ہیں اور عوام کے بنیادی مسائل کا حل جمہوری و سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس عمل کا آغاز اپنی غلطیوں اور ذمہ داریوں کو تسلیم کرنے سے ہونا چاہیے۔ “یہ میں اس بات سے شروع کرنا چاہوں گا کہ اس میں میرا ہاتھ بھی ہے، میری بھی ذمہ داری ہے، میری بھی غلطیاں ہیں، میں بھی قصوروار ہوں، میں بھی ذمہ دار ہوں۔سب سے پہلے یہ ماننے کے لیے ہمیں تیار ہونا پڑے گا کہ انسان غلطیاں کرتے ہیں، لیکن وقت آتا ہے کہ ان غلطیوں کو اب درست کرنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ پارلیمان، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا سمیت ہر ادارے نے عوام کا اعتماد اور اپنی ساکھ کھوئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو ان تمام اداروں کی ساکھ اور عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ اس کے لیے ایک وسیع قومی مکالمے اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمان ملک کا فیصلہ ساز ادارہ ہے جہاں بحث، مکالمہ اور اختلافِ رائے ہونا چاہیے۔ کسی بھی پارلیمان میں اپوزیشن کا کردار سب سے زیادہ محب وطن اور اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی حکومت اپوزیشن کے ارکان کی حب الوطنی پر صرف اس وجہ سے سوال اٹھاتی ہے کہ وہ حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہیں تو یہ پارلیمان، جمہوری نظام اور ملک کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت بحث اور اختلافِ رائے ہونا چاہیے، لیکن یہ اختلاف الفاظ اور دلیل کے ذریعے ہونا چاہیے، نہ کہ گولی، بندوق، گرفتاریوں یا جیل کی دھمکیوں کے ذریعے۔ جمہوریت کا حسن یہ ہے کہ مختلف سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مؤقف پیش کرتی ہیں اور بحث و مشاورت کے نتیجے میں ایسا درمیانی راستہ نکلتا ہے جو عوام کے مسائل کے حل کے لیے بہتر ثابت ہوتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاست دان کا حکومت پر تنقید کرنا ان کا جمہوری اور سیاسی حق ہے۔ حکومت کو ان کی تنقید کا جواب دلیل اور مکالمے کے ذریعے دینا چاہیے، نہ کہ ان کے خلاف گرفتاریوں، نیب کارروائیوں یا دیگر دباؤ کے اقدامات کے ذریعے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات سنے اور پارلیمان میں ان کا اعتماد بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت بھی ملک کی سیاسی حقیقت اور ایک اہم سیاسی اسٹیک ہولڈر ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمان پر اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کے لیے سب سے پہلے انتخابی دھاندلی کے اعتراضات کو سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب انتخابات متنازع ہوں گے تو ان کے نتیجے میں قائم ہونے والی پارلیمان پر بھی سوالات اٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کے ساتھ ساتھ سیاسی انتقام کی روایت کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ نیب کو سیاسی انتقام کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے ارکان کو یہ خوف نہیں ہونا چاہیے کہ کسی بل پر ووٹ دینے یا پارلیمان میں تقریر کرنے کی وجہ سے ان کے خلاف نیب کی کارروائی شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں سیاسی قیدیوں کا کوئی وجود نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا المیہ ہے کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے، وہ بالآخر جیل پہنچ جاتا ہے اور جو جیل جاتا ہے، وہ بعد میں وزیراعظم ہاؤس میں جا بیٹھتا ہے۔ ہمیں اس روایت کو ختم کرنا ہوگا اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے بیشتر رہنما دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے لیے تیار تھے اور کسی وجہ سے یہ عمل سبوتاژ ہوا تو حکومت کو چاہیے کہ وہ دوبارہ اپوزیشن سے رابطہ کرے اور جہاں بات چیت ختم ہوئی تھی، وہیں سے آغاز کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کو قومی معاملات میں شراکت دار بنانا چاہیے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی، جمہوری اور عوامی ری سیٹ کے لیے پارلیمان اور میڈیا کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن، احتساب کے نظام اور عدلیہ کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک الیکشن کمیشن پر عوام اور سیاسی جماعتوں کا اعتماد بحال نہیں ہوگا، انتخابات کے انعقاد کا کوئی بھی عمل اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکے گا۔ احتساب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن ایک بنیادی مسئلہ ہے، لیکن بدقسمتی سے احتساب کے اداروں کو ہمیشہ سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ نیب کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے بجائے حقیقی کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اور غیر جانب دار احتسابی نظام قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکثر کرپشن کے معاملے کو صرف سیاست دانوں تک محدود کردیا جاتا ہے، حالانکہ کسی بھی سرکاری منصوبے یا فائل پر عمل درآمد میں سیاست دانوں کے ساتھ بیوروکریسی اور متعلقہ حکام کا بھی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے بھی کرپشن کی روک تھام اور شفافیت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر صرف حکومت کو عدالتی نظام پر اعتماد ہو اور اپوزیشن، وکلا یا جج صاحبان خود اس نظام سے مطمئن نہ ہوں تو ایسا نظام مؤثر اور قابلِ اعتماد نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین اور اٹھارویں آئینی ترمیم اس لیے کامیاب ہوئے کہ ان پر ملک کی سیاسی جماعتوں اور عوام کا وسیع اتفاقِ رائے موجود تھا۔ اسی طرح 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے بھی انہوں نے دن رات محنت کی اور مکمل اتفاقِ رائے نہ ہونے کے باوجود باہمی رضامندی سے اسے منظور کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس 27ویں آئینی ترمیم نہ سیاسی اتفاقِ رائے سے منظور ہوئی اور نہ ہی باہمی رضامندی سے، بلکہ اسے “بروٹ میجارٹی” کے ذریعے منظور کرایا گیا۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی آئین اور قانون کے مطابق عوام کی خواہشات کے تحت صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، لیکن کسی غیر آئینی یا زبردستی کے اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کی تقسیم کی کوئی بھی زبردستی کی کوشش نہ صرف سندھ بلکہ پورے معاشرے میں خطرناک تقسیم پیدا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی خواہشات کے برخلاف صوبے کی تقسیم کی کوشش سے پیدا ہونے والی کشیدگی صرف کراچی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈو الہ یار، نواب شاہ اور دیگر شہروں کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کسی بھی ایسی کوشش کی حمایت نہیں کرے گی جو سندھ کے عوام میں تصادم اور تقسیم کا سبب بنے۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم کا استعمال زیادہ تر غیر جمہوری مقاصد کے لیے کیا گیا ہے۔ نئے صوبے کے قیام کے لیے آئین اور قانون میں واضح طریقہ کار موجود ہے، اس لیے کسی غیر آئینی راستے یا ریفرنڈم کے ذریعے اس عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش درست نہیں ہوگی۔ وزیراعظم سے ملاقاتوں اور کراچی کو وفاقی علاقہ بنانے یا کراچی، گوادر اور اسلام آباد کو کسی مشترکہ انتظام کے تحت چلانے سے متعلق سوال کے جواب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان معاملات پر نہ ان سے کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی صدر پاکستان کے ساتھ ایسی کوئی گفتگو ہوئی ہے۔ اگر وزیراعظم کی کابینہ نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا تو محض میڈیا میں زیرِ گردش باتوں کی بنیاد پر کسی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب اور ملک بھر کے پریس کلبوں سے اپیل کی کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کریں، سیمینارز اور مکالمے کا اہتمام کریں اور سیاست دانوں سے براہِ راست سوالات پوچھیں تاکہ ملک کو درپیش مسائل پر ایک سنجیدہ قومی بحث کا آغاز ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کا راستہ سیاسی انتقام، نفرت اور تقسیم نہیں بلکہ جمہوریت، مکالمے، اتفاقِ رائے اور عوامی مسائل کے حل سے ہوکر گزرتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، صحافتی تنظیموں کے نمائندے اور صحافی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

