سینیٹ پر کنٹرول کی جنگ: امریکا میں وسط مدتی انتخابات کا میدان آج سجے گا

انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں ، سینیٹ کی 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی اور 36 ریاستوں کے گورنرز کا انتخاب بھی کیا جائے گا

کانگریس کے انتخابی بیلٹ پر ڈیموکریٹس کو ری پبلکنز پر 8 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، سروے میں 46 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے ڈیموکریٹس جبکہ 38 فیصد نے ری پبلکنز کی حمایت کا اظہار کیا، سروے رپورٹ

ویب ڈیسک

واشنگٹن: ( جاگیر نیوز) امریکا میں آج وسط مدتی انتخابات کا میدان سج رہا ہے، جہاں ایوان نمائندگان اور سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
تفصلات کے مطابق انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں جبکہ سینیٹ کی 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، اس کے علاوہ 36 ریاستوں کے گورنرز کا انتخاب بھی کیا جائے گا، موجودہ انتخابی مقابلے میں ری پبلکنز کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ایوان نمائندگان اور سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے ڈیموکریٹس کو ہر ایوان میں کم از کم 4 نشستوں کا خالص اضافہ درکار ہے، انتخابات کے نتائج نہ صرف قانون سازی بلکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے باقی 2 سالہ دورِ صدارت کی پالیسیوں پر بھی اثر انداز ہوں گے۔رائٹرز اور اپسوس کے تازہ سروے کے مطابق کانگریس کے انتخابی بیلٹ پر ڈیموکریٹس کو ری پبلکنز پر 8 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، سروے میں 46 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے ڈیموکریٹس جبکہ 38 فیصد نے ری پبلکنز کی حمایت کا اظہار کیا۔
سروے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح 32 فیصد پر برقرار ہے، جو ان کی سیاسی مقبولیت کی کم ترین سطح 31 فیصد کے قریب ہے، سروے میں ایک ہزار 765 امریکی شہریوں کی رائے شامل کی گئی، جبکہ اس کے نتائج میں 2 پوائنٹس کی ممکنہ غلطی کا مارجن موجود ہے۔ماہرین کے مطابق قومی سطح کے یہ سروے عوامی رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں، تاہم کانگریس کے اصل نتائج کا فیصلہ مختلف ریاستوں اور انتخابی حلقوں میں ہونے والے مقابلوں سے ہوگا، اس لیے ڈیموکریٹس کی سروے میں برتری کو انتخابی کامیابی کی ضمانت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں