وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نےایشین اسکواش چیمپئنز میں 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے
رانا ثناء اللہ کی جانب سے چاروں قومی کھلاڑیوں کو فی کس 10,10 لاکھ روپے دیے گئے،پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اصحاب عرفان نے نقد انعامات وصول کیے
رانا ثناء اللہ نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے ہوم گراؤنڈ پر جیتنا ملک کے لیے باعثِ فخر ہے، حکومت قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے
سپورٹس رپورٹر
اسلام آباد:(جاگیرنیوز) وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی مینز ٹیم کے چار کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کردیے۔ ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے دیے گئے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اصحاب عرفان نے نقد انعامات وصول کیے۔ اس موقع پر سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی، ایڈیشنل سیکریٹری میران محی الدین سومرو، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یار محمد حسین اور سیکریٹری جنرل پاکستان اسکواش فیڈریشن گروپ کیپٹن (ر) عامر نواز بھی موجود تھے۔رانا ثناء اللہ نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے ہوم گراؤنڈ پر جیتنا ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے 3 سے 7 نومبر تک اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ نور زمان نے جیونگ من ریو کو 5-11، 7-11 اور 11-13 جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 6-11، 5-11 اور 4-11 سے شکست دے کر پاکستان کو ایشین چیمپئن بنوایا۔سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کامیابیاں نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے اور ملک کا نام روشن کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یار حسین نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی کامیابی پاکستان میں اسکواش کے فروغ کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔چیمپئن شپ کے ویمنز ایونٹ میں ہانگ کانگ چین نے ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا، جبکہ ملائیشیا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مینز ایونٹ میں جنوبی کوریا چاندی کے تمغے کا حقدار قرار پایا۔




