پاکستان ڈیجیٹل خودمختاری کے حصول کے لیے پرعزم ہے، شزہ فاطمہ
مصنوعی ذہانت، رابطوں کے فروغ اور سائبر سکیورٹی کو قومی ترقی کا محور بنایا جا رہا ہے، شزہ فاطمہ خواجہ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن
اسلام آباد:(جاگیرنیوز)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے مرگلہ ڈائیلاگ کے ایونٹ میں خطاب کرتے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر جاری تکنیکی تبدیلی، بالخصوص مصنوعی ذہانت (AI) کی تیز رفتار ترقی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور ٹیکنالوجی میں خودمختاری کے ایک بڑے موقع میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اپنے کلیدی خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی انسانی زندگی کے ہر شعبے کو تبدیل کر رہی ہے، جس میں تعلیم، صحت، مالیاتی نظام، سماجی تحفظ سے لے کر قومی سلامتی تک تمام شعبے شامل ہیں۔ مصنوعی ذہانت اس عالمی تبدیلی کے عمل کو مزید تیز کر رہی ہے اور ریاستوں، معاشروں اور معیشتوں کے کام کرنے کے طریقوں میں بنیادی تبدیلی لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ نہیں کہ ٹیکنالوجی دنیا اور معاشرے کو کس طرح تبدیل کرے گی بلکہ اہم سوال یہ ہے کہ اس تبدیلی کی قیادت کون کرے گا اور مستقبل کے معاشروں کی شناخت، اقدار اور سوچ کا تعین کون کرے گا۔ پاکستان جیسے ملک کے لیے، جہاں دو تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، قومی شناخت، زبان، ثقافت اور معاشرتی اقدار کا تحفظ معاشی اور قومی سلامتی جتنا ہی اہم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 2033ء تک مصنوعی ذہانت 4.8 ٹریلین ڈالر کی معاشی صنعت بننے کی توقع ہے جبکہ یہ روزگار کے عالمی منظرنامے کے تقریباً 40 فیصد حصے کو متاثر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ملازمتوں کی نوعیت تبدیل ہو رہی ہے اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کی مہارت رکھنے والے افراد زیادہ مؤثر اور پیداواری ثابت ہوں گے۔ اصل چیلنج ملازمتوں میں کمی نہیں بلکہ مارکیٹ کی بدلتی ضروریات اور دستیاب مہارتوں کے درمیان بڑھتا ہوا فرق ہے۔
انہوں نے عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی گورننس میں عدم مساوات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رپورٹس کے مطابق گلوبل ساؤتھ کے بیشتر ممالک بڑے AI گورننس اقدامات کا حصہ نہیں بن سکے،جبکہ چند ترقی یافتہ ممالک ان عالمی پالیسیوں کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے مصنوعی ذہانت تک مساوی رسائی، اوپن سورس ماڈلز اور عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان نے اپنی ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ بین الاقوامی انٹرنیٹ اسپیڈ ٹیسٹنگ پلیٹ فارم اوکلا (Ookla) کی رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں پاکستان کی انٹرنیٹ رفتار میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ انٹرنیٹ کے استعمال میں دو ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں نئی بین الاقوامی سب میرین کیبلز شامل کی گئی ہیں، جبکہ ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی اسپیکٹرم نیلامی کے ذریعے 180 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فراہم کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کی اسپیکٹرم استعداد 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر 750 میگا ہرٹز سے تجاوز کر گئی ہے۔انہوں نے 5G ٹیکنالوجی کے آغاز اور فائبرائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے حکومتی اقدامات کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ فائبر ٹو دی ہوم (FTTH) کے تحت ہاؤس پاسز کی تعداد تین ملین سے کم سے بڑھ کر چھ ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA)، متعلقہ ریگولیٹرز اور ٹیلی کام انڈسٹری کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں، جو ذاتی طور پر قومی ڈیجیٹل اہداف، رابطوں کے فروغ، AI انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ محض قانون سازی نہیں بلکہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ایک بنیادی فریم ورک ہے۔ اس ایکٹ کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے، جو قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے ساتھ زراعت، رئیل اسٹیٹ، ہیلتھ ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں کے لیے علیحدہ سیکٹرل پلانز تیار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی بنیاد ہے، اس لیے ڈیٹا گورننس، سکیورٹی، پرائیویسی، اعتماد اور ذمہ دارانہ رسائی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ وفاقی حکومت نے پیپر لیس نظام کی جانب پیش رفت کی ہےجبکہ نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کا اجرا بھی جاری ہے۔ اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد ڈیجیٹل آئی ڈیز حاصل کر چکے ہیں، جو محض شناختی کارڈز کی اسکین شدہ نقول نہیں بلکہ قابلِ تصدیق ڈیجیٹل شناختی اسناد ہیں۔
انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور راست (RAAST) کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو بھی ڈیجیٹل معیشت کا اہم جزو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ذاتی معلومات، مالیاتی نظام اور حکومتی خدمات ڈیجیٹل ہو رہی ہوں تو اس سے بے پناہ مواقع پیدا ہوتے ہیں، تاہم سائبر حملوں، ڈیٹا لیکس، صارفین کی رضامندی اور ذاتی معلومات کے تحفظ جیسے چیلنجز بھی سامنے آتے ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان قومی ڈیٹا گورننس پالیسی پر کام کر رہا ہے اور نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر کو پائلٹ کیا جا رہا ہے تاکہ اداروں کے درمیان ڈیٹا کا تبادلہ محفوظ اور ذمہ دارانہ اصولوں کے تحت ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی AI پالیسی اور ڈیٹا گورننس کا بنیادی اصول یہ ہے کہ ہر نظام میں انسانی نگرانی برقرار رہے اور ٹیکنالوجی اور ڈیٹا سے متعلق فیصلوں کی ذمہ داری انسانوں پر ہو۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں سال AI ویک کے موقع پر وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔ یہ سرمایہ کاری چار بنیادی شعبوں، یعنی انفراسٹرکچر، مہارتوں، جدت اور کنیکٹیویٹی پر مرکوز ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک منظم اور کثیرالجہتی AI انفراسٹرکچر اسٹیک تیار کر رہا ہے تاکہ ملک میں حکومت، صنعت اور اختراع کاروں کو خودمختار کمپیوٹنگ کی سہولت میسر ہو۔ اس منصوبے میں ہارڈویئر، آرکیسٹریشن، سافٹ ویئر اور مارکیٹ پلیس کی سطحیں شامل ہیں، جن کے ذریعے مختلف سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی کمپیوٹنگ صلاحیت کو یکجا کرکے مشترکہ استعمال کے لیے دستیاب بنایا جائے گا۔انہوں نے 8.5 میگاواٹ کے اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر کے منصوبے اور پورٹن گروپ اور سیفائر گروپ سمیت بڑے کاروباری گروپس کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک بڑے منصوبے پر انحصار کرنے کے بجائے ملک بھر میں مختلف سطحوں پر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ خودمختار AI کمپیوٹنگ کی صلاحیت کا حصول انتہائی اہم ہے، تاہم یہ عالمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے اوپن سورس ماڈلز، مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر تک وسیع رسائی اور بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ترقی پذیر ممالک اس عالمی تبدیلی میں پیچھے نہ رہ جائےوفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کی گورننس اور ڈیجیٹل تعاون سے متعلق عالمی فورمز میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے AI ڈیجیٹل کمپیکٹ اور بلیچلی پراسیس کا حصہ ہے، جبکہ ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (DCO) کی صدارت بھی کر رہا ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر آئی ٹی یو انتخابات کے لیے بھی حصہ لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت تک رسائی عالمی عدم مساوات کا سبب نہیں بننی چاہیے۔ عالمی شراکت داریوں کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے فوائد تمام ممالک بالخصوص گلوبل ساؤتھ کے ممالک تک پہنچیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سائبر سکیورٹی، اعتماد اور ذمہ دارانہ AI کو ڈیجیٹل نظاموں میں ابتدا ہی سے شامل کرنا ہوگا، انہیں محض الگ یا وقتی اقدامات کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا پروٹیکشن قانون بھی تکمیل کے قریب ہے جبکہ صارفین کی رضامندی، پرائیویسی اور انسانی جوابدہی بنیادی اصول رہیں گے۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ حکومت ایک ملین یعنی 10 لاکھ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کی مہارتوں میں تربیت دینے اور آئندہ پانچ سال میں کم از کم 10 ہزار AI پی ایچ ڈیز تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے نوجوان کاروباری افراد کو سرمایہ اور گرانٹس کی فراہمی پر بھی کام کر رہا ہے۔ ورلڈ بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے فنڈ آف فنڈز قائم کیا جا رہا ہے تاکہ گزشتہ تین سے چار سال کے دوران وینچر کیپیٹل میں آنے والی کمی کے باعث جدت اور نئے کاروباری منصوبے متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکمت عملی میں انٹرنیٹ تک رسائی، مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ، قابلِ پیمائش اہداف، عملدرآمد کے واضح روڈ میپس اور اختراع کے فروغ کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔وفاقی وزیر نے گزشتہ سال مئی میں ہمسایہ ملک کے ساتھ ہونے والے تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ صرف روایتی عسکری محاذ تک محدود نہیں تھی بلکہ اس کے ساتھ بڑے پیمانے پر سائبر وارفیئر بھی شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی نے روایتی دفاع کے ساتھ سائبر صلاحیتوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے پاکستان کی سائبر سکیورٹی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قومی سائبر دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے پورے حکومتی نظام پر مشتمل مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کی عالمی سائبر سکیورٹی انڈیکس میں پہلے 40 ممالک میں شمولیت کا بھی ذکر کیا۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت، چیف آف ڈیفنس فورسز اور متعلقہ قومی اداروں کی شمولیت اور تعاون سے پاکستان اپنی سائبر صلاحیتوں اور قومی خودمختاری کے تحفظ کو مزید مضبوط بنا رہا ہے تاکہ ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا اور اس سے وابستہ چیلنجز کا بھی مؤثر مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اداروں، عالمی شراکت داری، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان ایک ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور ٹیکنالوجی میں خودمختار ملک بننے کی جانب گامزن ہے۔




