دوسرا ون ڈے، شاہین 182 پرڈھیر، کیویز 79 رنز سے فاتح، سیریز ایک ایک سے برابر

کراچی : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 79 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی، 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 182 رنز پر آؤٹ ہوگئی، کپتان بابراعظم نے 79 رنز بنائے۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ کھیلا گیا۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 262 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم کے دونوں اوپنرز صرف 9 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان صفر اور امام الحق 6 رنز بنا کر وکٹیں گنواگئے، تیسرا نقصان محمد رضوان کی صورت میں ہوا جو 28 رنز بناسکے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 26.5 اوورز میں 86 رنز پر گری جب حارث سہیل صرف 10 رنز بنا کر فلپس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، سلمان آغا 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، محمد نواز بھی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی ساتویں وکٹ 158 رنز پر گری جب اسامہ میر ساؤتھی کی گیند پر لیتھم کو کیچ تھما بیٹھے، محمد وسیم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم 79 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، حارث سہیل کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مہمان ٹیم 49.4 اوورز میں 261 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کانوائے نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے فن ایلن کو آؤٹ کردیا۔طویل انتظار کے بعد پاکستان کو دوسری کامیابی بھی نسیم شاہ نے دلائی۔ 183 رنز پر ڈیون کانوائے آؤٹ ہوئے، انہوں نے 92 گیندوں پر101 رنز بنائے۔196 رنز پر محمد نواز نے ڈیل مچل کی وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کو تیسرا نقصان پہنچایا۔
نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان 198 رنز ٹام لیتھم کی شکل میں اٹھانا پڑا۔ انہوں نے صرف 2 رنز ہی بنائے۔201 رنز پر کین ولیمسن کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی، انہیں 85 رنز پر محمد نواز نے بولڈ کیا۔مائیکل بریسویل نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے ساتویں بیٹر تھے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 220 رنز تھا۔238 پر پاکستان کو آٹھویں کامیابی ملی، اش سدھی کو حارث رؤف نے پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کو نویں کامیابی 240 رنز پر ملی، ٹم ساؤتھی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔آخری وکٹ پر مچل سینٹنر نے لوکی فرگوسن کے ساتھ مل کر 21 رنز کا اضافہ کیا۔آخری اوور کی پانچویں گیند پر تیزی سے رن لینے کی کوشش میں مچل سینٹنر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 4 جبکہ نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ کے لئے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔قومی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث سہیل، آغا سلمان، محمد نواز ، اسامہ میر، وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں