عمران نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی، سیاسی کرتبوں سے الیکشن نہیں ہونگے، احسن اقبال

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی جس کی ہمیں خوشی ہے، سیاسی کرتبوں سے الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
لیگی رہنما احسن اقبال نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب سے نقصان کا تخمینہ 16 ارب ڈالر لگایا گیا، دوست ممالک پاکستان کی سپورٹ کا اعلان کر رہے ہیں، جنیوا میں پوری دنیا نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جنیوا کانفرنس میں 10 ارب ڈالرکی امداد کا اعلان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایسے لوگ ہیں جو مسلسل ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے ہیں، مشکل حالات سے گزر رہے ہیں لیکن اکانومی کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں، ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں، سیاست بعد میں کر لیں گے پہلے ملک کو بحران سے نکالنا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی بارودی سرنگوں کوڈیفیوز کر رہے ہیں، ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ایکسپورٹ کے انجن کو پوری سپیڈ کے ساتھ چالو کرنا ہوگا، 32 ارب ڈالرکی ایکسپورٹ کو 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے نتائج 30 اپریل کو شائع ہوں گے، سارا عمل اگست میں جا کر مکمل ہوگا جب اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، عمران خان نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی ہمیں تو خوشی ہے، سیاسی کرتبوں سے الیکشن نہیں ہوں گے، یہ وقت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کا نہیں یکجہتی کا ہے، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں