حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

لاہور: حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کردیا۔
اس بات کا اعلان آج وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج رات بارہ بجے سے آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا اطلاق ہونا تھا، یہ ہی قیمتیں برقرار رہیں گی اور ان میں کوئی کمی یا اضافہ نہیں کیا جارہا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت اس وقت 171 روپے 83 پیسے ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل 179 روپے ہے اور یہ بھی مہنگا نہیں ہورہا۔
ملک میں ایک بار پھر تیل کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ملک میں تیل کے بحران کی گھنٹی بجا دی، او سی اے سی نے معاملے کی حساسیت پر حکومت کو خط لکھ دیا۔

خبروں کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ بروقت ایل سیز نہ کھلنے سے ملک میں تیل کے بحران کا خدشہ ہے، بروقت ایل سیز کو یقینی بنانے کے لیے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کردار ادا کریں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بینکوں کی جانب سے ایل سیز نہ کھلنے سے کچھ آئل کارگوز منسوخ ہوچکے ہیں اور ایل سیز نہ کھلنے سے تیل کی سپلائی میں تعطل پیدا ہورہا ہے جسے فوری طور پر ختم کرنا ناگزیر ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک ارب تیس کروڑ ڈالرمالیت کا تیل درآمد کیا جاتا ہے، ملک میں ماہانہ 4 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن پٹرول 2 لاکھ میٹرک ٹن ڈیزل درآمد کیا جاتا ہے، ایک مرتبہ سپلائی چین متاثر ہونے کے بعد بحالی میں 6 سے 8 ہفتے لگیں گے۔
دوسری جانب اوگرا نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
ترجمان اوگرا نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر سٹاک موجود ہے، اوگرا ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی شارٹیج کی خبروں کی سختی سے تردید کرتا ہے، مزید 80 ہھزار ایم ٹی پیٹرول اور 90 ہزار ایم ٹی ڈیزل لے جانے والے جہاز بلنگر خانے پر ہیں۔
ترجمان اوگرا نے مزید کہا کہ مقامی ریفائنریز بھی کام کر رہی ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی طلب کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں