پاکستانیوں کی آف شور دولت کا تخمینہ 19 ارب ڈالر

دولت ایشیائی ملکوں، یورپ ،سوئٹزرلینڈ اور امریکی ٹیکس ہیونز میں رکھی گئی ہیں- فوٹو: فائل

پاکستانیوں کی مختلف ممالک میں موجود اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا انکشاف
اسلام آباد: پاکستانیوں کے پاس 19 ارب ڈالر سے زیادہ کی آ فشور دولت موجود ہے، جس میں سے نصف سے زیادہ صرف دبئی میں انویسٹ کی گئی ہے، پاکستانیوں کی مختلف ممالک میں موجود اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا انکشاف عالمی ٹیکس چوری کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی دولت میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، یہ رپورٹ ای یو آبزرویٹری کی جانب سے تیار کی گئی ہے، رپورٹ میں دنیا کے ارب پتیوں پر کم از کم 2 فیصد انکم ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اس طرح ریونیو میں سالانہ 250 ارب ڈالر کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق 3 ہزار سے کم ارب پتیوں کے پاس 13 ٹریلین ڈالر کی دولت موجود ہے، جس پر وہ محض 44 ارب ڈالر سالانہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کی دولت کا تخمینہ 19 ارب ڈالر سے زیادہ لگایا گیا ہے، جن میں سے 8 ارب ڈالر کیش، شیئرز، بانڈز اور سرمایہ کاری کی صورت میں موجود ہیں جبکہ 11.2ارب ڈالر ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں انویسٹ کیے گئے ہیں۔ یہ رقم پاکستان کے 2022ء کے جی ڈی پی کا 3.6 فیصد بنتی ہے، 2022ء میں پاکستانیوں کے پاس 8 ارب ڈالر کی دولت ایکویٹیز، میوچل فنڈز، شیئرز اور بینک ڈپوزٹس کی صورت میں موجود ہے۔اسی طرح، سب سے زیادہ 4ارب ڈالر ایشیائی ٹیکس ہیونز میں رکھے گئے ہیں، 2 ارب ڈالر یورپی ٹیکس ہیونز، 1 ارب ڈالر سوئزرلینڈ اور 910 ملین ڈالر امریکی ٹیکس ہیونز میں رکھے گئے ہیں۔سال 2021ء کے مقابلے میں پاکستانیوں کی دولت میں 1.1 ارب ڈالر کی کمی دیکھی گئی ہے، یہ کمی ایشیائی ٹیکس ہیونز میں دیکھی گئی ہے، جہاں پاکستانیوں کی دولت 5 ارب ڈالر سے کم ہو کر 4 ارب ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ سوئزرلینڈ میں 2007ء میں پاکستانیوں کے 19ارب ڈالر موجود تھے، جو 2016ء میں کم ہو کر 2 ارب ڈالر رہ گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانیوں نے اپنی دولت کو سوئزرلینڈ سے نکال کر ایشیائی ٹیکس ہیونز میں شفٹ کیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں نے دنیا کے تین شہروں دبئی، لندن اور سنگاپور میں 11.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے جو پاکستان کی جی ڈی پی کا 3.4 فیصد ہے، جس میں سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری صرف دبئی میں کی گئی ہے جبکہ لندن میں محض 740 ملین ڈالر اور سنگاپور میں 120 ملین ڈالر کی سرمایہ کی گئی ہے۔ پیرس میں پاکستانیوں کے اثاثہ جات کی قیمت صرف 18 ملین ڈالر ہے۔رپورٹ میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے منافع کی شفٹنگ سے ریونیو میں ہونے والی کمی کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے، 2020ء میں پاکستان کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے منافع اپنے ممالک کو بھیجنے کی وجہ سے ریونیو میں 430 ملین ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں