راولپنڈی رنگ روڈ اکنامک زون ، کے سائٹ سروے کا ٹاسک پڈمک کمپنی لاہور کو دیا گیاہے،کمشنر راولپنڈی

پڈمک کمپنی ایک ہفتےمیں راولپنڈی رنگ روڈ پر 5000 ایکڑ کی اکنامک زون سائٹ کا سروے مکمل کر کے رپورٹ جمع کروائے-

راولپنڈی : کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ سے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (پڈمک) کے وفد نے ملاقات کی۔ GM کمپنی عمر سعید نے راولپنڈی رنگ روڈ اکنامک زونز میں مجوزہ سائٹ اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیف انور جپہ، ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ نازیہ سدھن، صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس ثاقب رفیق، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، سابق صدر چوہدری ندیم اے رؤف و دیگر متعلقہ افسران بھی وہاں موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کے ساتھ 5000 ایکڑ کا اکنامک زون بنانے کے لئے سائٹ سروے کا ٹاسک پڈمک کمپنی لاہور کو دیا گیاہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر آرڈی اے ملک غضنفر اور اے سی صدر کو ہدایت دی کہ وہ اجلاس کے فوری بعد پڈمک کے وفد کو سائٹ پر لے جائیں اور انہیں تمام مطلوبہ معلومات و مدد فراہم کریں تاکہ وہ بلاتاخیر اپنا کام شروع کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ پر مجوزہ اکنامک زونز میں ہول سیل مارکیٹ اور انڈسٹریل زونز کے قیام اہلیان راولپنڈی کے لئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ راولپنڈی کے لیے جو سائٹ پلان تیار کیا گیا ہے اسے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے تحت ترتیب دیا گیا ہے تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔ اکنامک و انڈسٹریل زون میں کاٹیج انڈسٹری، شو مارکیٹ، پلاسٹک، ٹرانسپورٹ، گڈز فارورڈنگ، ہیوی مشینری،ماربل، سٹیل، جمزاینڈ جیولری، غلہ منڈی، فرنیچر، ایجوکیشن،مائننگ اور دیگر زونز بنائے جائیں گے۔ رنگ روڈ کے مجوزہ انڈسٹریل زونز میں قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور قبضہ مافیا سے دور رکھنے کے لئے خصوصی پالیسی بنائی گئی ہے جس میں تین سال تک پروڈکشن سٹارٹ نہ کرنے والے کا پلاٹ کینسل کر دیا جائے گا۔لیاقت علی چٹھہ نے پڈمک کو ہدایت کی کہ وہ رنگ روڈ کے ساتھ ساتھ اکنامک زونز میں زونز کے سروے اور مارکنگ کے لیے آر سی سی آئی کے ساتھ رابطے میں رہیں اور آئندہ ایک ہفتے تک اپنی رپورٹ جمع کروائیں۔ صدر ثاقب رفیق نے اکنامک زونز میں سیکٹر وار مختص کرنے کی تجویز دی اور زون کے قریب ورکرز کی رہائش کے لیے جگہ بھی تجویز کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں