نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا

شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کے قائد نے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا-فائل:فوٹو

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے اپنے چھوٹے بھائی اور پارٹی کے صدر شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قائد نواز شریف نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کے لیے شہباز شریف کو نامزد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کے لیے مریم نوازشریف کو نامزد کردیا ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نوازشریف نے پاکستان کے عوام اور سیاسی تعاون فراہم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے اس پختہ یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی خطرات اور عوام مہنگائی سے نجات پائیں گے۔واضح رہے کہ آج پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں اپنی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے لیے مسلم لیگ(ن) کی حمایت کریں گے۔بعد ازاں اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اجلاس کے بعد مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کیا تھا۔شہباز شریف نے اس موقع پر پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار کا نام نہیں بتایا تھا تاہم انتخابی مہم میں نواز شریف کو وزیراعظم بنانے کے نعروں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا تھا کہ میں آج بھی ان سے وزیراعظم بننے کی درخواست کرتا ہوں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں