پارا چنار، پاکستان اور افغان کی سرحد کے قریب مسلح افراد کی سکول میں گھس کر فائرنگ، 8اساتذہ جاں بحق

ویب فو ٹو:

پاراچنار: (ویب ڈیسک )پاکستان اور افغان کی سرحد کے قریب تری مینگل ہائی سکول میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 8 اساتذہ جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سرکاری ہائی سکول میں نامعلوم افراد نے سکول کے سٹاف روم میں فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے، اس سے قبل نامعلوم افراد کی شلوزان روڈ پر چلتی گاڑی پر فائرنگ سے ایک ٹیچر جاں بحق ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق اساتذہ گورنمنٹ ہائی اسکول تری منگل میں میٹرک امتحانی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔بورڈ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل افسوسناک ہے، واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بنائے گئے تمام ٹیچر امتحانی ڈیوٹی پر مامور تھے، پولیس نے ٹیچرز کو قتل کرنے والے ملزموں کی تلاش شروع کر دی جبکہ جاں بحق ٹیچرز کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں
جاں بحق ہونے والوں میں میر حسین ، جواد حسین ، نوید حسین ، جواد علی ، محمد حسین اور علی حسین اور دیگر شامل ہیں۔ ڈی پی او کرم ایجنسی کے مطابق حملے کے سبب ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسلح افراد نے شلوازن روڈ پر ایک ٹیچر کو گھات لگا کر قتل کیا اور پھر اسکول میں داخل ہوکر اسٹاف روم میں اندھا دھند فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں اندر موجود تمام اساتذہ جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد ضلع بھر میں آمد و رفت کے راستے بند ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کوہاٹ بورڈ کے تحت 28 اپریل سے شروع ہونے والے میٹرک بورڈ کے امتحانات کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اپر کرم ایجنسی اور پارا چنار میں اساتذہ پر حملہ اور ان کا قتل قابل مذمت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کہ کہ ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع کرم میں اساتذہ پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اساتذہ کےد رجات کی بلندی کے لیے دعا اور لواحقین سے اظہارتعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
بلاول بھٹو کی ورثا سے تعزیت
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کرم ایجنسی میں اساتذہ کے قتل کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث ملزمان کو فوری طور قانون کی گرفت میں لایا جائے، پولیس و انتظامیہ واقعے کے متعلق فوری تحقیقات کریں، حقائق سے عوام کو آگاہ کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جا سکتا، آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے، بلاول بھٹو نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق اساتذہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پارا چنار میں پاک افغان سرحد کے قریب سکول میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اساتذہ کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جاں بحق اساتذہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، سکول میں اساتذہ پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق اساتذہ کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں